کراچی آپریشن پر نظر ثانی کا کوئی امکان نہیں ہے، سیکورٹی ادارے

  • جمعرات, 09 اگست 2018 12:24

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سیکورٹی اداروں نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن پر نظر ثانی کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان حکومت سازی کے لئے طے پانے والے 9 نکاتی معاہدے میں سے تیسرے نکتے میں یہ بات بھی شامل ہے کہ کراچی آپریشن میں نظر ثانی اور تمام شراکت داروں سے مشاورت کی جائے گی۔ اس حوالے سے پولیس، رینجرز اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ فی الوقت اس بات کا امکان کم ہے کہ کراچی آپریشن پر کسی قسم کی نظر ثانی کی جائے۔ کراچی پولیس کے ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ کراچی آپریشن کسی ایک فرد یا تنظیم کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے، آپریشن شروع ہونے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز جس میں وفاقی اور صوبائی حکومت، سیاسی جماعتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شامل ہیں کو اعتماد میں لیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں کبھی یہ نہیں دیکھا گیا کہ جس ملزم کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اس کا تعلق کس تنظیم سے ہے یا وہ کونسی زبان بولنے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی، لشکر جھنگوی، القاعدہ برصغیر، لیاری گینگ وار سمیت ہر قسم کے دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف اس آپریشن میں کارروائی کی گئی ہے، اس لئے اس بات کا امکان کم ہے کہ آپریشن کی رفتار اور سمت میں کوئی تبدیلی آئے۔

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.