علامہ راحت حسین الحسینی سے اسماعیلی ریجنل کونسل اور امن کمیٹی گلگت کے وفود کی ملاقاتیں

  • جمعہ, 14 ستمبر 2018 10:02

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) علامہ راحت حسین الحسینی و مرکزی امامیہ کونسل سے اسماعیلی ریجنل کونسل اور امن کمیٹی گلگت کے وفود کی الگ الگ ملاقاتیں، ملاقات میں محرم الحرام کے دوران امن و امان اور بھائی چارے کے امور پر تفصیلی گفت و شنید ہوئی۔ آغا راحت حسینی نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین ؑ پوری انسانیت کے لئے قابل احترام ہیں، ہمیں آپس میں ملکر اس مقدس مہینے کو منانا چاہیئے اور آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ ملکر امن دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔ اسماعیلی ریجنل کونسل کے وفد میں فدا علی، ایثار نعیم، کیپٹن ہادی اعظم خان سمیت دیگر افراد نے مرکزی امامیہ کونسل کے دفتر میں علامہ راحت حسین الحسینی اور مرکزی امامیہ کونسل کے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسماعیلی ریجنل کونسل کے وفد نے محرم الحرام کے حوالے سے اپنی ہر قسم کی مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے کہا کہ امام حسین ؑ ایک ایسی ہستی ہیں جو نہ صرف عالم اسلام بلکہ عالم انسانیت کے لئے قابل احترام ہے، ہمیں آپس میں ملکر غم کے ان ایام کو منانا چاہیئے تاکہ دشمن اپنے عزائم میں ناکام ہو سکے۔ دوسری جانب امن کمیٹی کے وفد جس میں راجہ نثار ولی ایڈوکیٹ اسلم مسعود الرحمٰن اور ارمان شاہ شامل تھے نے امن و امان کے حوالے سے آغا راحت کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ محرم الحرام میں اتحاد بین المسلمین کے لئے امن کمیٹی ہراول دستے کا کردار ادا کرے گی اور گلگت بلتستان بھر میں تمام مسالک ملکر اس طرح سے ان ایام کو منائے تاکہ جو دشمن قوتیں سازشیں کررہی ہیں وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکیں۔اس موقع پر علامہ راحت حسین الحسینی نے وفود کا شکریہ ادا کیا اور ملکر کر محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے سمیت دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.