دفعہ 35 اے کے معاملے کو لیکر مزاحمتی قیادت کی سرجوڑ کر مشاورت

  • جمعہ, 10 اگست 2018 11:50

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ سماج کے سبھی طبقوں کو اعتماد میں لیکر لوگوں سے مشاورت کرے گی تاکہ دفعہ 35 اے کا دفاع کرنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ قیادت 27 اگست کو اگلی سماعت سے قبل وکلاء، تاجروں، ٹرانسپورٹروں، ڈاکٹروں، ہوٹل مالکان اور صنعت کاروں سے اس اہم معاملے میں انکا نکتہ نظر جاننے کی کوشش کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کی شام میرواعظ عمر اور یاسین ملک حیدرپورہ میں سید علی گیلانی کی رہائشگاہ پہنچے جہاں انہوں نے دفعہ 35 اے کا دفاع کرنے کے معاملے پر مشارت کی۔

کئی گھنٹوں تک مشاورت کرنے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ سماج کے سبھی طبقوں کو اعتماد میں لیا جائے گا جس کے بعد ریاست کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ریاستی عوام نے تاریخی ہڑتال کر کے عندیہ دیا ہے کہ وہ قربانی کیلئے تیار ہیں۔ مشترکہ قیادت نے پہلے ہی عوامی رابطہ مہم کی شروعات کی ہے اور اس سلسلے کے اگلے مرحلے میں وکلاء، ڈاکٹروں، تاجروں،طلباء،ملازمین، ٹرانسپورٹروں کی انجمنوں اور ایسوسی ایشنوں کے صدور سے رابطہ قائم کیا ہے تاکہ کوئی مشترکہ حکمت عملی اپنائی جاسکے۔

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.