کسی کو شیعہ سنی اختلافات پیدا کرنیکی اجازت نہیں دینگے، قومی امن تحریک گلگت

  • منگل, 18 ستمبر 2018 11:20

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) قومی امن تحریک گلگت کے زیر اہتمام گلگت شہر میں محرم الحرام کے دوران قیام امن کو یقینی بنانے اور مختلف مکاتب فکر کے مابین فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم اجلاس قومی امن تحریک کے صدر زوار فدا حسین کی صدارت میں منعقد ہوا، پیر کے روز فدا حسین ہاؤس یرکوٹ خومر میں منعقد ہونے والے اس اہم اجلاس میں نگرل، قزلباش محلہ، یادگار محلہ خومر یرکوٹ اور ڈموٹ کے عمائدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نہ صرف علاقے میں قیام امن کو برقرار رکھنے کیلئے کردار ادا کریں گے بلکہ امن کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے اور نئی نسل کو ایک دورسرے کے قریب لانے کیلئے کردار ادا کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قومی امن تحریک کے مرکزی صدر سابق چیئرمین بلدیہ زوار فدا حسین نے کہا کہ قومی امن تحریک کے قائدین اور کارکنوں کی کوششوں کی وجہ سے گلگت شہر میں مثالی امن قائم ہوا ہے اور ہم نے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی امن تحریک کے کارکنوں کی دن رات محنت کی وجہ سے گذشتہ کئی سالوں سے محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر کے مابین رواداری کی نئی مثالیں قائم ہوئی ہیں اور ہم اس پرامن ماحول کو ہر صورت میں برقرار رکھنے کیلئے گھر گھر جائیں گے اور علاقے سے فرقہ واریت کی لعنت کو ختم کر کے دم لیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی خطیب امام بارگاہ زین العابدین یرکوٹ خومر مولانا حبیب الحسن نے کہا کہ حضرت امام حسین ؑ کسی ایک فرقے کے نہیں بلکہ تمام ملت اسلامیہ کے نجات دہندہ ہیں، حضرت امام حسین ؑ نے میدان کربلا میں اپنے اور اپنے بچوں کی قربانی دے کر کسی ایک فرقے کو نہیں بلکہ اسلام کو بچایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان امام حسین ؑ کی قربانی اور واقعہ کربلا سے سبق حاصل کریں تو پوری دنیا کے مسلمانوں کو نجات مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان واقعہ کربلا اور امام حسین ؑ کی قربانی سے استفادہ حاصل کرتے تو آج فلسطین، کشمیر، شام اور برما میں مسلمانوں پر ظلم کبھی نہیں ہوتا، انہوں نے کہا کہ دین اسلام کے غلبہ کیلئے مسلمانوں کو آپس کے چھوٹے چھوٹے اختلافات کو بلائے طاق رکھتے ہوئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قومی امن تحریک کے جنرل سیکرٹری الیاس خان نے کہا کہ گلگت شہر میں قیام امن کو برقرار رکھنے کیلئے قومی امن تحریک کے کارکن فعال کردار ادا کر رہے ہیں اور ہم نے فرقہ وارانہ اختلافات کو ہوا دینے کی ہر سازش کو اتحاد کی طاقت سے ناکام بنایا ہے اور تحریک کے کارکن کسی کو بھی شیعہ سنی اختلافات پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اجلاس سے نمبردار امتیاز شمشاد علی، ایثار علی، فدا حسین قزلباش اور حاجی میر ولی نے بھی خطاب کیا، جبکہ ایس پی گلگت محمد ایاز اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر حاجی دلدار حسین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.