ترکی سے رہائی پانے والے امریکی پادری کی صدر ٹرمپ سے ملاقات

  • پیر, 15 اکتوبر 2018 12:14

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ترکی سے رہائی پانے والے امریکی پادری اینڈریو برونسن امریکا پہنچ گئے جہاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ان کی ملاقات ہوئی۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور ترکی کے درمیان تنازعے کا باعث بننے والے امریکی پادری اینڈریو برونسن امریکا پہنچ گئے جہاں اُن کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی۔

ترکی سے رہائی کے بعد وہ جرمنی گئے تھے جہاں اُن کا طبی معائنہ کیا گیا جس کے بعد وہ اپنے وطن کے لیے روانہ ہوئے اور گزشتہ شب واشنگٹن پہنچے۔ امریکی پادری کی صدر ٹرمپ سے ملاقات وائٹ ہاؤس میں ہوئی۔ اس موقع پر ایک مختصر سی دعائیہ تقریب بھی رکھی گئی تھی جس میں صدر ٹرمپ نے بھی شرکت کی۔

امریکی پادری 2016 میں ناکام فوجی بغاوت کے وقت ترکی ہی میں مقیم تھے اور ترک حکومت نے انہیں بغاوت میں معاونت کرنے اور جلاوطن ترک اپوزیشن لیڈر فتح اللہ گولن کے حمایتی ہونے کے شبہ میں گرفتار کر لیا تھا۔

امریکی پادری دو سال تک جیل میں الزامات کا سامنا کرتے رہے تاہم رواں برس 27 جولائی کو ترک عدالت نے اینڈریو برونسن کو گھر میں نظر بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

امریکی پادری کی نظربندی پر امریکا اور ترکی کے درمیان تناؤ پیدا ہو گیا تھا اور امریکی صدر نے پادری اینڈریو برونسن کی عدم رہائی پر ترکی کو سخت پابندیوں کا سامنا کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔

ترک حکومت کا موقف تھا کہ ترکی کا عدالتی نظام صاف و شفاف انصاف کی فراہمی کی مکمل اہلیت رکھتا ہے اور امریکی پادری اینڈریو برونسن کے معاملے پر بھی حکومت عدالتی فیصلوں پرعمل درآمد کرانے کی پابند ہے۔ تاہم امریکا اور ترکی کے درمیان یہ تناؤ دو روز قبل اس وقت ختم ہو گیا جب ترک شہر ازمیر کی ایک عدالت نے امریکی پادری کو رہا کرنے کا حکم دیا۔

Leave a comment

Make sure you enter all the required information, indicated by an asterisk (*). HTML code is not allowed.