ڈونلڈ ٹرمپ کا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ٹیلی فون، لاپتا صحافی کے معاملے پر گفتگو

  • پیر, 15 اکتوبر 2018 21:25

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، لاپتا صحافی جمال خشوگی کے معاملے پر گفتگو کی گئی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے، شاہ سلمان نے کہا ہے کہ لاپتا صحافی جمال خشوگی کے ساتھ کیا ہوا کچھ نہیں پتا۔ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق شاہ سلمان نے ترک حکومت کے ساتھ لاپتا صحافی کے معاملے پر تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو چند گھنٹوں میں سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے، پومپیو ریاض میں لاپتا سعودی صحافی کے بارے میں بات چیت کریں گے، ضرورت پیش آنے پر پومپیو دیگر ممالک کا بھی دورہ کریں گے۔واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر یہ ثابت ہوگیا کہ لاپتا سعودی صحافی جمال خشوگی استنبول میں سعودی قونصل خانے میں ہلاک کیے گیے ہیں تو ریاض حکومت کو سخت سزا دی جائے گی۔سعودی حکام کا کہنا تھا کہ صحافی جمال خشوگی کی گمشدگی کے معاملے پر سعودی عرب کے خلاف کسی بھی کارروائی کے جواب میں اس سے بڑا ردعمل سامنے آئے گا۔یاد رہے کہ جمال خشوگی امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے کالم نویس ہیں اور وہ دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصلیٹ میں جانے کے بعد سے لاپتا ہیں۔

 

Leave a comment

Make sure you enter all the required information, indicated by an asterisk (*). HTML code is not allowed.