بھارت کی مخالفت کا شوق نہیں معاملہ ظلم کیخلاف آواز بلند کرنیکا ہے، سید علی گیلانی

  • منگل, 25 دسمبر 2018 10:41

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے بھارت کے وزیر داخلہ کے بیان کو مضحکہ خیز اور افسوسناک قرار دیا، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’’کشمیر میں علیحدگی پسند کسی بھی واقعہ کو بھارت کے خلاف استعمال کرنے کا موقعہ ضائع نہیں کرتے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ہم بار بار اپنے اس عزم کو دہرا چکے ہیں کہ ہم بھارت اور بھارتی عوام کے نہ تو دشمن ہیں اور نہ ہی ان کے خلاف اپنے دل میں کوئی عداوت رکھتے ہیں۔ سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ ہمیں بھارت کی مخالفت کرنے کا نہ تو کوئی شوق ہے اور نہ ہی ہم ایسے مواقع کی تلاش میں ہیں، جہاں بھارت کے خلاف جذبات ابھارنے کا بہانہ مل سکے۔

آزادی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ ظالم اور جابر زبردستی اور طاقت کے بل پر ہتھیائے گئے علاقے میں ہر وقت اپنے خونخوار پنجوں کے نشانات چھوڑ جاتا ہے، جو خود چیخ چیخ کر اس کی سفاکیت کے ثبوت کے طور پر نمایاں ہوتے ہیں۔ حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے کہا کہ اہل کشمیر پچھلی کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، اپنی بے بسی اور مظلومیت کا رونا رو رہے ہیں، جگر گوشوں کے لاشوں پر سینہ کوبی کررہے ہیں۔

سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ اپنے ظلم و جبر کے ان گنت واقعات چھپانے کے لئے ہمسایہ ملک پر الزام لگانے سے قابض طاقت بری الذمہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دس لاکھ فوج جبر و قہر کی نئی داستان رقم کرکے ماضی کے چنگیز و ہلاکو کو بھی شرمسار کررہا ہے۔ اٹھارہ ماہ کی بچی سے لیکر اسی سال کے بزرگ تک کو بھی اپنی وحشت کا نشانہ بنارہا ہے۔ حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کے ایسے بچگانہ بیانات سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔

Leave a comment

Make sure you enter all the required information, indicated by an asterisk (*). HTML code is not allowed.