قوم کو بےمثال قربانیوں کی حفاظت کیلئے یکسو ہونا پڑیگا، سید علی گیلانی

  • منگل, 01 جنوری 2019 18:47

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی کہا کہ کشمیر کے طول و عرض میں انسانی لہو کی ارزانی عروج پر ہے۔ 2018ء کی تفصیل بتاتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہا کہ اس سال 587 پُرتشدد واقعات رونما ہوئے، جن میں 240 مجاہدین، 37 عام شہریوں کے علاوہ 86 فوجی بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ رہائشی مکانوں کو بارود سے زمین بوس کرنے کے بہت سے واقعات بھی رونما ہوئے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ منفی 8 ڈگری کی ٹھٹھرتی اور ہڈیوں میں اترنے والی سردی میں ضعیف العمر بزرگوں، معصوم بچوں اور خواتین کو رات کے اندھیرے میں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور کرکے ظلم اور جبر کے نئے ریکارڈ قائم کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ قوم پچھلی 7 دہائیوں سے ایک بڑی فوجی طاقت کے ساتھ نبرد آزما ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے چند نوجوان ٹوٹی پھوٹی بندوقوں سے قوم کو آزاد کرانے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ قوم کو اپنی لازوال اور بےمثال قربانیوں کی حفاظت کے لئے یکسو اور یکجا ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی استعمار کے یہ مقامی چہرے ہر ہزیمت اور رسوائی کے بعد نئے پینتروں اور نئے حربوں کے ساتھ اِس قوم کے بلغمی مزاج کا خوب فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے اپنے اس عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء کے ظلم و جبر، قتل و غارتگری، تشدد اور گرفتاریوں کے لامتناہی سلسلے کے باوجود ہم اپنی مبنی برحق جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور کسی بھی صورت میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے آگے سرنڈر نہیں کریں گے۔

Leave a comment

Make sure you enter all the required information, indicated by an asterisk (*). HTML code is not allowed.