ہماری نوجوان نسل آزادی کی راہ پر گامزن ہے، سید علی گیلانی

  • بدھ, 02 جنوری 2019 11:27

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے دسویں جماعت کے امتحانات میں شاندار کامیابی پر تمام طالبعلموں اور ان کے اہلخانہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کو بحیثیت قوم اس عظیم کامیابی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوف و دہشت کے نامساعد حالات میں ایسی حوصلہ افزاء کامیابی ایک منفرد ہدف ہے، جو روزمرہ کی مار دھاڑ، شبانہ چھاپوں، کریک ڈاؤن اور مسلسل حراستوں کے مایوس کُن ماحول کے باوجود حاصل کیا گیا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ ہمارے بچوں نے انتھک محنت اور خلوص سے یہ بات ثابت کردی کہ ہماری نوجوان نسل آزادی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا آپ کی کامیابی نے آزادی پسندوں کی اس دلیل کو ثابت کر دکھایا کہ تعلیم اور آزادی کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قابض طاقتوں اور اُس کے مقامی دُم چھلوں کے اس پروپیگنڈے کی ہوا بھی نکال دی جس میں وہ آزادی پسندوں کو ’’گمراہ جوانوں‘‘ کا خطاب دیتے ہیں۔

حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر میں اپنے لخت جگروں کو یہ بتانا ضروری سمجھتا ہوں کہ بھارت ہمیں نہ صرف جسمانی اذیتیں دیتا ہے، بلکہ ہمیں ذہنی اور روحانی طور بھی ٹارچر کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارے تعلیمی اداروں کو خاص طور پر نشانہ بناکر انہیں ایسے کارخانوں میں تبدیل کرنا چاہتا ہے جہاں اُن کی جی حضوری اور بھارتی قبضے کے قصیدہ خواں ہی تیار ہو کے نکل پائیں، کیونکہ ان کو معلوم ہے کہ غلامی اور استعمار صرف وہاں پنپتا ہے، جہاں اس کے مضر اور زہر آلود اثرات سے آگاہی نہ ہو، جبکہ حق و انصاف کے لئے طاقت، ہمت اور جرأت اُس تعلیم سے ہی ملتی ہے جو حق و باطل، خیر اور شر، نیکی اور بدی، میں فرق کرنا سکھائے اور جو اسلامی تعلیم کا بھی محور ہوتا ہے۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ تعلیم ایک فرد کو اپنے آپ کو پہچاننے کی صلاحیت بخشتی ہے، جو محکومی اور غلامی کی زنجیروں کو کاٹنے میں مددگار ہوتا ہے جو ہماری مبنی بر صداقت جدوجہد کے لئے بھی ازحد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پڑھی لکھی نئی نسل اب تحریک آزادی کی کمان سنبھال رہی ہیں اور برسوں سے ہماری جدوجہد انہی روشن دماغ اور ذہین افراد کی بےلوث قربانیوں کی وجہ سے پروان چڑھی ہے اور کسی بھی تحریک میں دلائل اور جدوجہد کی روح تعلیم کے حصول کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ ہماری مزاحمتی تحریک تعلیمی زیور سے آراستہ ہوئے بغیر اپنی منزل کی طرف گامزن نہیں ہو سکتی۔

Leave a comment

Make sure you enter all the required information, indicated by an asterisk (*). HTML code is not allowed.