شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیرکے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان اور ان کے وزراء کے بیانات سے خطے میں سعودی ایجنڈا واضح ہوگیا ہے اور ضرورت پڑنے پر پاکستان کو دوسروں کی جنگ میں دھکیلنے کے خدشات کی تصدیق ہوگئی ہے، عالمی طاقتیں بالخصوص بھارت اور امریکہ پاکستان کو تنہا کرنے کے درپے ہیں، ہم ماضی میں امریکہ کے کہنے پر افغان جنگ کا حصہ بنے، جس کے نقصانات آج تک بھگت رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ہماری سرزمین پر بیٹھ کر ایک پڑوسی ملک کے خلاف سعودی وزیر کے سنگین ترین الزامات نہ صرف سفارتی آداب کے منافی ہیں بلکہ ہمارے قومی مفادات کے بھی برعکس ہیں، حق تو یہ بنتا تھا کہ پاکستان کو بھارت کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں اور کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی تائید کرتے ہوئے اصولی موقف اختیار کیا جاتا اور بھارت کو یہ باور کرایا جاتا کہ وہ کسی مغالطے میں نہ رہے، سعودی عرب ہر آڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، لیکن اس کے برعکس برادر پڑوسی ملک کے خلاف الزامات لگا کر ہمارے دوستانہ تعلقات متاثر کرنے کی کوشش کی گئی جو افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج کی بربریت کے خلاف آواز بلند کرنے کو دہشت گردی کہنا یہود و نصاری کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ہے، امت مسلمہ کو ہوشمندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، مذموم عناصر مسلم ممالک کو آپس میں الجھا کر مفادات کی تکمیل چاہتے ہیں، پوری دنیا جانتی ہے کہ دنیا میں سب سے بڑے دہشت گرد امریکہ اور اس کے حواری ہیں، داعش اور القاعدہ سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کی تشکیل انہی کے ہاتھ سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور ملکی مفادات ہماری اولین ترجیح ہے، ایسے کسی بھی فیصلے یا بیان کی قطعاً حوصلہ افزائی نہ کی جائے، جو ہمارے لئے نقصان دہ ہو۔ انہوں نے عادل الجبیر کی پریس کانفرنس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کو متنازع اور مبہم گفتگو کے لئے اپنی سرزمین استعمال کرنی چاہیئے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع پاکپتن کے سیکرٹری جنرل مخدوم طالب حسین اسدی کی نماز جنازہ پاکپتن میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، صوبائی سیکرٹری عزاداری سیل رانا ماجد علی، مرکزی کوآرڈینیٹر سید شہریار زیدی، مسئول صوبائی آفس زاہد حسین مہدوی نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے موقع پررہنما مجلس وحدت مسلمین سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ مخدوم طالب حسین اسدی کی وفات سے بڑا خلاء پیدا ہوا ہے، مرحوم نڈر، فعال اور انتھک محنت کرنے والے ساتھی تھے، اسدی صاحب کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، رہنماؤں نے مرحوم کے بیٹوں اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی۔ یاد رہے کہ مرحوم ٹریفک حادثہ میں انتقال فرما گئے تھے، مخدوم طالب حسین اسدی کی وفات پر مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور دیگر مرکزی رہنماؤں نےگہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  شہر قائد میں قائم شیعہ جماعتوں( مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن )کے دفاتر پر پولیس اور رینجرز نے چھاپے مار کر دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجربازار میں قائم شیعہ دینی جماعتوں مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے دفاتر پر پولیس اور رینجرز نے چھاپے مار کر دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔دونوں جماعتوں سے رابطہ کرنے پر مجلس وحدت کے صوبائی ترجمان آصف صفوی اور آئی ایس او کے ترجمان علی کاظمی کا مؤقف تھا کہ ایک غلط رپورٹ کی بنیاد پر دفاتر پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک افواہ پھیلائی گئی کہ صدر کے علاقے میں ہماری جانب سے کوئی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں کوئی صداقت نہیں ۔ دونوں جماعتوں کا مؤقف تھا کہ نہ ان کی جانب سے ایسا کوئی اعلان کیا گیا ہے نہ ایسا کوئی ارادہ رکھتے ہیں۔

دونوں جماعتوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار افراد کو فی الفور رہا کیا جائےاور غلط افواہ پھیلانے والے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائےجبکہ محض ایک افواہ کی بنیاد پر تنظیموں کے دفاتر پر چھاپے کی مذمت کرتے ہیں ۔

 

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  ایم ڈبلیو ایم جیکب آباد کے زیر اہتمام ایام فاطمیہؑ اور انقلاب اسلامی ایران کی 40 ویں سالگرہ کی مناسبت سے سٹی آف نالج پبلک اسکول جیکب آباد میں سیرت حضرت فاطمہ زہراءؑ و انقلاب اسلامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہراء (ص) کی حیات طیبہ عبودیت الٰہی، ایثار، جہاد، عفت سمیت تمام انسانی کمالات کا مجموعہ ہے۔علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ انقلاب اسلامی تاریخ انسانیت کا عظیم انقلاب ہے، اسے انقلاب فاطمی کہنا چاہئے، جو نور کی تجلی بن کر گمراہی اور تاریکی میں ڈوبی ہوئی دنیا میں نور اور ہدایت کی کرنیں بکھیر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں معرکہ حق و باطل برپا ہے اور انقلاب اسلامی اپنے چالیسویں سال میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام خمینیؒ نے قرآن کریم، سنت رسولؐ اور سیرت اہل بیتؑ کی روشنی میں ایک اسلامی ریاست قائم کی، جو عصر حاضر کے تمام فرعونوں یعنی مستکبرین عالم کے اقتدار باطل کیلئے زلزلہ ثابت ہوئی۔

 کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، تحریک انصاف رہنما انور خان سومرو، انجینئر عید محمد ڈومکی، علامہ سیف علی ڈومکی، مولانا رضا حسینی، نثار احمد ابڑو، محمد اسماعیل سومرو و دیگر نے خطاب کیا۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  18 ویں برسی شہید مظفر کرمانی کی مناسبت سے رفقاءشہید مظفر کرمانی کے تحت شہید مظفر کرمانیؒ اور ان کے باوفا ساتھی شہید نظیر عباس کے لیے حسینی باغ نمبر دو قبرستان میوہ شاہ میں مجلس منعقد کی گئی ۔

مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ بیشتر افراد شروع میں انقلابی جذبہ سے سرشار ہوتے ہیں ،مگر رفتہ رفتہ ان میں یہ جذبہ ماند پڑجاتا ہے ، آخری دم تک انقلابی رہنا اہم عمل ہے ۔ شہید کرمانی ؒ یکساں خلوص،معنویت اور جذبہ کے ساتھ آخر تک انقلابی رہے ۔شہید کرمانیؒ کا ہم و غم دین اسلام اور اس کا دفاع تھا ۔شہید ایک جامع شخص اور مخلص ترین انسان تھے ۔انہوں نے علمی وفکری سطح کے سیمینارز بھی منعقد کئے ،سیاسی مسائل سے بھی غافل نہیں رہے او ر ساتھ ساتھ سماجی اور تنظیمی امور میں بھی مصروف عمل رہے ۔

علامہ احمد اقبال نے کہا کہ بسیجی مزاج انسان زیادہ دینی فرائض کو انجام دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دین کےلئے دی گئی قربانیوں کے نتیجہ میں اسیری یا شہادت ملتی ہے ۔شہادت ایک کٹھن راستہ ہے ۔شہید شجاع اور اعلیٰ صفات کا حامل ہوتا ہے ۔شہادتوں سے قوم طاقتور ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہید کرمانیؒ اور شہید نظیر عباس کے خاندان مبارکباد کے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ راہ حق کے شہداءکے خاندان کی خدا خصوصی مدد کرتا ہے ۔اللہ ہمیں ان شہداءکے راستے پر چلنے کی توفیق ادا کریں۔

مجلس سے قبل ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے دونوں شہداءکی قبور پر فاتحہ خوانی کی اور شہید مظفر اور شہید نظیر کے اہل خانہ سے خصوصی شفقت کا اظہار کیا ۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے، جس پر بھارت مسلسل حملہ آور ہے، گذشتہ چند ماہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے انسانیت سوز مظالم کی سنگین داستانیں رقم کی ہیں، جس پر عالمی اداروں کی خاموشی قابل مذمت اقدام ہے، مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیئے۔ انکا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر بھارتی ہٹ دھرمی اور مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر اقوام عالم کی خاموشی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ ان نام نہاد انسانی حقوق کے عالمی ٹھکیداروں کو مسلمانوں کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور پاکستانی سرحدوں کی مسلسل خلاف ورزی بھارتی فوج کی بربریت سے دنیا کی نظریں ہٹانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزاد کرانے کے لیے عالمی قوتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، جب تک مسئلہ کشمیر کا پرامن اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں نکلتا تب تک پورے خطے کی سلامتی کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا رہے گا، ہندوستانی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کے ذریعے حق خود ارادیت کی آواز کو دبانا کی کوششوں میں مصروف ہے، بنیادی حقوق کے اس استحصال پر اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر بھرپور انداز سے اٹھایا جائے اور کشمیریوں کی آواز کو اقوام عالم تک تک پہنچایا جائے۔

 

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی شوریٰ کا اجلاس ڈویژنل سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری کی زیر صدارت ڈویژن آفس میں منعقد ہوا۔

تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم پاکستان کراچی ڈویژن کی شوریٰ کا اجلاس  ڈویژنل سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری کی زیر صدارت ڈویژن آفس میں منعقد ہوا،جس میں آمدہ بلدیاتی انتخابات، انتظامی روابط ، مرکزی کنونشن ودیگر امور پر مشاورت کی گئی۔  اجلاس میںڈویژنل کابینہ سمیت تمام اضلاع کے سیکٹری جنرلز نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ کے بلدیاتی انتخابات کیلیے تمام اضلاع کو بھرپور تیاری کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں جبکہ انتظامیہ سے روابط کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  جہلم میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام قومی معاملات میں خواص کے کردار کی اہمیت کے عنوان سے مقامی ہوٹل میں سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی، صوبائی سیکرٹری جنرل سینٹرل پنجاب سید مبارک علی موسوی، مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین نے خصوصی شرکت کی اورشرکاء سے خطاب کیا۔ سیمینار کی صدارت ضلعی سیکرٹری جنرل سید وسیم نقوی نے کررہے تھے۔

 سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی نے عقائد کے حوالے سے جاری بحران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ملت کے ہر فرد کو انتہائی احتیاط سے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے کردار ادا کرنا ہو گا، دشمن کی سازش کا ادراک کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے انتہائی مکاری سے ملت میں افتراق پیدا کرنے کے لیئے عقائد پر حملہ کیا ہے، ان حالات میں علماء امید کی کرن ہیں، علماء نے عالمی سطح پر کردار ادا کیا ہے، جس سے گریٹر اسرائیل کا خواب زمین بوس ہو گیا ہے، احرام اہل بیتؑ ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو چکے ہیں، اسی طرح پاکستان میں بھی علماء کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے، کیونکہ ملت کے علماء اپنے الہی فریضہ کا ادراک رکھتے ہیں، ان حالات میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان قوم کی امیدوں پر پورا اترنے اور قومی مفادات کے حصول کے لیے میدان عمل میں سرگرم ہے، مجلس وحدت نے ملت کو ہر محاذ پر سر بلند کیا ہے۔

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے اپنے ایک انٹرویو میں سعودی ولی عہد کے متوقع دورہ پاکستان کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سربراہان مملکت اور اہم سرکاری شخصیات کے دورہ جات ہوتے رہتے ہیں، لیکن یہاں مسئلہ یہ ہے کہ یہ شخص عالمی سطح پر متنازع حیثیت رکھتا ہے، یہ شخص تو براہ راست ہزاروں لوگوں کے قتل میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی جمال خاشقجی کا قتل دیکھ لیں، آپ یمن میں قتل عام دیکھ لیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس متنازعہ شخص کا پاکستان آنا مناسب نہیں۔ اس سے یہاں کے عوام میں بے چینی پیدا ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا اب تک اسلامی ممالک کیساتھ تعلقات کا جو سلسلہ ہے وہ بہت پیچیدہ رہا ہے، سعودی عرب دوسرے ممالک میں تعلقات کی آڑ میں مداخلت کرتا ہے، اپنا نظریہ تھوپنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ چیز خطرناک اور ہمارے لئے ناقابل قبول ہے۔علامہ سید عبدالحسین کا کہنا تھا کہ محمد بن سلمان کی شخصیت متنازع ہے ان کی آمد پر وہ طبقات جو سعودی پالیسیوں سے اختلاف رکھتے ہیں وہ سڑکوں پر آسکتے ہیں۔مجلس وحدت مسلمین کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کی اکثریت امت مسلمہ میں سعودی عرب سے زیادہ ایران کے کردار کو مثبت انداز میں دیکھتی ہے۔ ایران کی امت مسلمہ کے مفادات میں دوٹوک موقف، امریکہ اور اسرائیل کے سامنے نہ جھکنا، بے داغ قیادت اور دیگر چیزیں ایسی ہیں، جو سعودی عرب میں نہیں۔ واضح رہے کہ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان 16 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ محمد بن سلمان دو روزہ دورے کے دوران اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق دورے کے اختتام پر وہ ملائیشیا روانہ ہو جائیں گے۔

 

 

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے وارثان شہدا سے کیے گئے وعدوں کے پورا نہ کیا جانے پر لانگ مارچ کا عندیہ دے دیا۔

 تفصیلات کے مطابقمجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے وارثان شہداء شکارپور کے ہمراہ جیکب آباد میں اہم پریس کانفرنس کی ۔ علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ شکارپور کی صورتحال پر ملک بھر کی ملت جعفریہ کو تشویش ہے۔ سندھ و بلوچستان میں دہشت گردوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے باوجود شیعہ مراکز، علماء اور وکلاء کی سیکورٹی ختم کرنا افسوسناک ہے ۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہدائےسانحہ شکارپور کے ورثا سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے، اگر شہدائے سانحہ شہدائے شکارپور سے کیے گئے وعدے وفا نہ ہوئےتو وزیر اعلیٰ ہائوس کی جانب لانگ مارچ ہوگا۔