تازہ ترین

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او پاکستان کے زیراہتمام عالمی یوم القدس کے سلسلے میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، ملتان، مظفر آباد اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں کی قیادت ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین نے کی۔ اسلام آباد کی مرکزی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہم فلسطین کی اسلامی شناخت کو ختم نہیں ہونے دیں گے۔ عالمی استعمار اور صیہونی قوتیں بیت المقدس کو یہودی بنانا چاہتی ہیں، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، ہم مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں، ان کے حقوق کی بازیابی کے لئے ساتھ کھڑے ہیں۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ القدس ریلیاں درحقیقت مقاومت کی علامت ہیں، اس سے دنیا بھر میں شعور پیدا ہو رہا ہے اور ہر سال اس میں اضافہ ہو رہا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی جمہوری ایران واحد ملک ہے۔ جس نے مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھا ہوا ہے اور مظلوم فلسطینیوں کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے۔ عرب ممالک اسرائیل کے ساتھ ملک گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ نیل سے فرات تک کا خواب دیکھنے والا اسرئیل آج اپنے گرد دیواریں بنانے پر مجبور ہے۔

امام خمینی نے بتایا تھا کہ بیت المقدس کی آزادی مقاومت اور مزاحمت کے بغیر ناممکن ہے، اسرائیل کسی صورت مذاکرات سے فلسطین اور بیت المقدس سے دست برادار نہیں ہوگا، اسرائیل کی مایوسی اور امریکہ کے عزائم میں ناکامی درحقیقت ان استعماری قوتوں کی شکست ہے، جو امت مسلمہ کو سرنگوں دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔ سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ ظلم کے خلاف ٹکراؤ کا جو اعلان عظیم قائد امام خمینی نے کیا تھا، آج ان کے انقلابی بیٹے ان کے پرچم کو اٹھائے میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں اور کفر و باطل کے خلاف ہمیشہ میدان میں حاضر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت فلسطین، کشمیر، برما سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں مسلمانوں کو بدترین ظلم و بربریت کا سامنا ہے۔ دیگر مقررین نے اپنے خطابات میں مظلوم فلسطینیوں پر صیہونی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے احتجاجی بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیل، امریکہ اور بھارت مخالف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے طاغوتی طاقتوں کی جارحیت اور اسلامی ممالک میں مداخلت کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے شدید نعرہ بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے کے اختتام پر امریکہ و اسرائیل کے پرچم اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پتلے بھی نذر آتش کئے گئے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وطن عزیز میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے بہادر جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، جب تک دہشتگردوں کے سیاسی سرپرستوں اور سہولت کاروں کیخلاف کارروائی نہیں کرتے اس جنگ کا خاتمہ ممکن نہیں، ہمارے حکمران مصلحت پسندی کا شکار ہیں، ہم اپنے ان عظیم شہداء کے پاکیزہ لہو کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے، کرنل سہیل عابد جیسے شہیدوں پر قوم کو فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شہید کرنل سہیل عابد کے گھر پر ان کے والد سے تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید کرنل سہیل عابد نے جرات اور بہادری کی مثال قائم کی اور فرنٹ لائن پر آکر خود دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، قوم کو ایسے سپوتوں پر فخر ہے۔

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ دشمن کی کوشش ہے کہ پاکستان کی فوج کو کمزور کیا جائے جس کے لئے مسلسل سازشیں کی جاری ہیں، نون لیگ بھی اس وقت دشمن کے بیانیہ کو لے کر چل رہی ہے، اقتدار کی ہوس میں ملکی وقار اور سالمیت کو پس پشت ڈالنے والے ملک و قوم سے مخلص نہیں، اس موقع پر شہید کی ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی اور قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ سخاوت حسین قمی اور سید ناصر شیرازی بھی علامہ ناصر عباس کے ہمراہ تھے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ہم سیرت علوی سے دوری کے باعث آج زوال کا شکار ہیں، علوی سیرت و کردار اپنا کر، علم و عمل کے ذریعے ہم حقیقی شیعہ بن سکتے ہیں، فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں سترہ افراد کی شہادت اور پندرہ سو فلسطینیوں کے زخمی ہونے پر انتہائی افسوس ہے۔ اندرون سندھ کے اضلاع نوابشاہ، نوشہروفیروز، مٹیاری، حیدرآباد اور شہداد کوٹ کے تنظیمی دورے کے موقع پر مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ امیرالمومنین امام علیؑ کی حیات طیبہ میں ہمیں تمام انسانی کمالات یکجا نظر آتے ہیں، آپؑ ایک انسان کامل ہونے کے ناطے ہم سب کیلئے اسوہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپؑ کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر ہم دین و دنیا کی بھلائی اور کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہج البلاغہ شخصیت علیؑ کی بہترین عکاس ہے، جو علم و عرفان کا سمندر ہے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کی بے حسی نے اسرائیل کو جری کر دیا ہے، اسرائیلی مظالم پر عالمی ادارے اور عرب حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے دوستی کرکے اور بھارت سے اسرائیل تک فضائی سروس کو راستہ دے کر آل سعود نے اسلام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے مسلمان جدوجہد آزادی کے سفر میں فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر ہمیں تشویش ہے، اسرائیل غاصب ریاست ہے، جس کا عبرتناک انجام اب نزدیک ہے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری اطلاعات سید احسن عباس رضوی نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں بجلی کی طویل دورانیے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ خصوصاً کراچی میں جاری بجلی کے مصنوعی بحران کا جلد خاتمہ نہ ہونے کی صورت میں پہلے مرحلے میں آگہی و تشہیری مہم اور دوسرے مرحلے میں احتجاجی مہم کا آغاز کریں گے، انہوں نے وفاقی وزیر بجلی و پانی اور چیف جسٹس آف پاکستان سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں احسن رضوی نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی کی بجائے آئے دن ان کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہی ہے، کراچی میں گرمی کے آغاز کے ساتھ ہی بارہ بارہ گھنٹے بجلی کی بندش حکومت کی ’’مثالی کارکردگی‘‘ پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہو چکا ہے اور کے الیکٹرک کی ’’مہربانیاں‘‘ طلباء و طالبات کی تیاری کے دوران ان کیلئے درد سر بنی ہوئی ہیں۔

احسن عباس رضوی نے کہا کہ ناعاقبت اندیش حکمرانوں اور کے الیکٹرک انتظامیہ نے گذشتہ سالوں میں ہیٹ اسٹروک اور لوڈشیڈنگ کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے سبق نہیں سیکھا، عوام کو صاف پانی، بجلی، گیس، صحت و صفائی اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی آئنی ذمہ داری ہے، لیکن ہر دور میں بے حس حکمرانوں نے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے بجائے انہیں اخباری دعوؤں تک ہی محدود رکھا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی جماعت ہونے کی دعویدار پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی طرف سے عوام کیلئے کھڑی کی جانے والی مشکلات آئندہ عام انتخابات میں جماعت کی مقبولیت کیلئے سخت نقصان دہ ثابت ہوں گی۔ رہنما ایم ڈبلیو ایم نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جس پر کسی بھی ملک کو ہاتھ ڈالنے کی قطعاََ اجازت نہیں دی جائے گی۔ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر پر بھارتی ہٹ دھرمی اور مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم عالمی امن کے لئے خطرہ ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر اقوام عالم کی خاموشی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ ان نام نہاد انسانی حقوق کے عالمی ٹھکیداروں کو مسلمانوں کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور پاکستانی سرحدوں کی مسلسل خلاف ورزی بھارتی فوج کی بربریت سے دنیا کی نظریں ہٹانے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزاد کرانے کے لئے عالمی قوتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، جب تک مسئلہ کشمیر کا پرامن اور کشمیر ی عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں نکلتا، تب تک پورے خطے کی سلامتی کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا رہے گا۔ ہندوستانی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کے ذریعے حق خود ارادیت کی آواز کو دبانا کی کوششوں میں مصروف ہے۔ بنیادی حقوق کے اس استحصال پر اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندد مودی کی رگوں میں پاکستان دشمنی سرایت کرچکی ہے۔ پاکستان کے خلاف لغو اور بےبنیاد پروپیگنڈہ کے ذریعے اقوام عالم کو گمراہ کرنے کی خواہش وہ کبھی پوری نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر بھرپور انداز سے اٹھایا جائے اور کشمیریوں کی آواز کو ان تک پہنچایا جائے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ احمد علی نوری نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ عالم مبارز و مجاہد حجت السلام آغا علی رضوی کو انکی والدہ محترمہ اور میر واعظ نیورنگاہ آغا محمد علی شاہ کو انکی اہلیہ محترمہ کی وفات پر تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آغا علی رضوی کی والدہ محترمہ کی رحلت پر انکو اور تمام لواحقین کو تعزیت و تسلیت و پیش کرتے ہیں۔ والدہ محترمہ کی وفات سے آغا علی رضوی کی زندگی میں جو خلا پیدا ہوگیا ہے اسے پر کرنا ممکن نہیں۔ انہیں صبر و شکر کی تلقین کے ساتھ والدہ محترمہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے اور ہر کسی نے اس کا مزہ چکھنا ہے۔ خدا اپنے بندوں کو مختلف امتحانات کے ذریعے سے آزماتا ہے اور وہی بندے کامیاب ہوتے ہیں جن کے ہاتھ سے صبر و شکر کا دامن نہیں چھوٹتا۔ ماں جیسی عظیم ہستی کی موت انتہائی سخت امتحان ہے، کیونکہ اس ہستی کی کمی کو کوئی بھی پورا نہیں کرسکتا۔ اللہ سے دعا ہے کہ اپنے نہ ختم ہونے والے خزانہ غیب سے لواحقین بلخصوص آغا علی رضوی کو اس نعمت کا نعم البدل عطا فرما اور مرحومہ کے درجات میں اضافہ فرما۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور رہنما اسلامی تحریک پاکستان کیپٹن (ر) محمد شفیع خان کے اعزاز میں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے عشائیہ دیا گیا۔ تقریب عشائیہ میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکریٹری تنظیم سازی مہدی عابدی، صوبائی سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی، کراچی کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری سمیت دیگر ارکین ڈویژنل کابینہ اور ضلعی سیکریٹری جنرلز نے شرکت کی، ایم ڈبلیوایم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کیپٹن (ر) محمد شفیع خان کو نہج البلاغہ اور پھولوں کا گلدستہ تحفے میں پیش کیا گیا، کیپٹن(ر) محمد شفیع نے عشائیہ کے انعقاد اور جذبہ خیر سگالی پر ایم ڈبلیو ایم کا خلوص دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق دینا ناگزیر ہوچکا ہے، گذشتہ ستر برس سے گلگت بلتستان کے محب وطن عوام پاکستان کے ساتھ الحاق کی جدوجہد کررہے ہیں، حکمرانوں کو سوچنا چاہیئے کہ دنیا بھر میں مختلف قومیں علیحدگی کا نعرہ لگاتی آئی ہیں جب کہ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام پاکستان میں شمولیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج، این ایل آئی اور دیگر سیکورٹی اداروں میں اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والی قوم کو پاکستانی شناخت دینے میں پس و پیش سمجھ سے بالاتر ہے، گلگت بلتستان کے باوفا فرزندوں کو آئینی تشخص سمیت سی پیک میں جائز حق دینا حکمرانوں اور مقتدر اداروں کی اولین ذمہ داری ہے جس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوا جاسکتا، ن لیگی وزیراعلیٰ حفیظ الرحمن خطے میں فرقہ واریت اور مذہبی تعصب کو ہوا دینے میں مصروف ہیں، انہیں عوامی مسائل کے حل اور حقوق کے حصول سے کوئی دلچسپی نہیں، حالیہ اینٹی ٹیکس موومنٹ میں بھی وہ صوبے سے فرار ہوکر اسلام آباد میں روپوش ہوگئے تھے، کیپٹن (ر) محمد شفیع کو اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں، امید ہے وہ ایوان میں اپوزیشن جماعتوں اور ان کے کارکنان اور ووٹرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی جدوجہد میں مجلس وحدت مسلمین کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

کیپٹن (ر) محمد شفیع خان نے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی میں بحیثیت قائد حزب اختلاف میرے انتخاب میں ایم ڈبلیو ایم کا کردار کسی صورت اسلامی تحریک پاکستان سے کم نہیں ہے، ایم ڈبلیو ایم کے اراکین اسمبلی نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر مجھے اپنے قیمتی ووٹ دیکر اپوزیشن لیڈر منتخب کروانے میں اہم کردار ادا کیا، میں ایم ڈبلیو ایم اور اسلامی تحریک کو اپنے دو بازو سمجھتا ہوں، انشاء اللہ ایم ڈبلیو ایم اور اسلامی تحریک مل کر گلگت بلتستان اسمبلی کے اندر اور باہر خطے کے غصب شدہ حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے، آئینی شناخت اور پاک چین اقتصادری راہداری منصوبے میں اپنے جائز حق کو کسی صورت فراموش نہیں کرسکتے، نشان حیدر کی حامل گلگت بلتستان کی قوم کی حب الوطنی پر شک کرنے والے کسی صورت پاکستان کے مخلص نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کو آئینی حیثیت دے کر سی پیک منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرے تاکہ بھارت کی جانب سے جاری منفی پروپگینڈے کا بھی خاتمہ ممکن ہو۔ میری پوری خواہش ہوگی کہ آئندہ انتخابات میں دونوں قومی و ملی جماعتیں مشترکہ سیاسی حکمت عملی مرتب کرکے سیاسی میدان میں وارد ہوں اور مل کر حکومت سازی کریں۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی محبتوں اور الفتوں کا میں دلی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے گلگت، اسکردو، اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان کی جانب سے جو پزیرائی اور محبت ملی ہے اسے فراموش نہیں کرسکتا۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اسلام دشمن اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دورہ بھارت سے وطن عزیز پاکستان اور امت مسلمہ کے خلاف نئی سازش کی بو آرہی ہے، سر زمین کشمیر اور فلسطین پر قابض غاصب ریاستوں کا گٹھ جوڑ، امت مسلمہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اسلام دشمن عزائم کے بعد، دو اسلام دشمن اور پاکستان دشمن ریاستوں کی قربت ہمیں بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ بھارت کے خلاف، ہندوستانی مسلمانوں نے احتجاج کرکے غیرت ایمانی کا ثبوت دیا ہے، پاکستان کے غیور عوام بھی فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کریں۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ مظلوم کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کی ہے، ہم اس منحوس مثلث کے خلاف اب بھی بھرپور آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے وطن کے باوفا بیٹوں اور غیور مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم کے چھ روزہ دورے اور اسلام دشمن منصوبوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ کشمیر اور فلسطین ضرور آزاد ہوگا اور ظلم کی سیاہ رات کا خاتمہ ہوگا۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلی گئی، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ قاتل تاحال برسر اقتدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قاتل اعلٰی کہتے تھے مجھ پر انگلی اٹھی تو فوری طور پر مستعفی ہو جاؤں گا، انگلی ہی نہیں پورا بازو ان کی طرف اٹھا ہے، لیکن وہ استعفٰی نہیں دے رہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ قصور میں 12 بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا لیکن حکومت سوئی ہوئی ہے، قاتل اب تک گرفتار نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جہالت کی انتہا دیکھیں یہ مجیب الرحمان بن رہے ہیں، جس نے پاکستان توڑا تھا، نواز شریف بتائیں اب یہ پاکستان کا کون سا حصہ توڑنے کا سودا کرچکے ہیں۔ یہ مودی کا یار پاکستان کیلئے سکیورٹی رسک بنتا جا رہا ہے۔ ان کو مزید وقت دینا پاکستان کیلئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام قاتلوں کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے، آج کا احتجاج سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کیخلاف ہے، قاتل حکمرانوں کے ہاتھ جو چیز آئی تباہ ہوگئی، آج پنجاب کا ہر شہر قصور بنا ہوا ہے، لیکن یہ ایسے خود غرض ہیں کہ پھر بھی پوچھ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا، ہم بتاتے ہیں تمھیں تمھارے کرتوتوں کی وجہ سے نکالا گیا ہے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی دو روزہ تربیتی و تنظیمی ورکشاپ جامعہ شہید مطہری ملتان میں اختتام پذیر ہوگئی، ورکشاپ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی اور مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ورکشاپ میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع بشمول ملتان، مظفرگڑھ، علی پور، لیہ، بھکر، رحیم یارخان، میانوالی اور لودھراں کے سیکرٹری جنرل اور ضلعی کابینہ کے افراد نے شرکت کی۔ بعدازاں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کی، اجلاس میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، محمد اصغر تقی، سیکرٹری تنظیم سازی ناصر عباس، سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، سیکرٹری تربیت سید وسیم عباس زیدی، سیکرٹری فلاح و بہبود سید زعیم زیدی، صوبائی ترجمان ثقلین نقوی، ندیم عباس کاظمی، سید عدیل زیدی، مولانا ہادی حسین ہادی اور اظہر کاظمی موجود تھے۔ اجلاس میں خصوصی طور پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کے مختلف ایشوز پر اظہار خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم کی بلوچستان میں سیاسی کامیابی تاریخ ساز ہے، خدا نے اہلیان کوئٹہ اور مظلومین پاکستان کو آغا رضا کی شکل میں عزت سے نوازا ہے، اُنہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں اور شہروں میں عوام کو اپنی طاقت کا احساس کرنا چاہیے، اگر اہلیان علمدار روڈ اپنی طاقت کے ذریعے سے پارلیمنٹ میں اپنی آواز پہنچا سکتے ہیں تو باقی لوگ کیوں نہیں؟ اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللہ اگلے الیکشن میں قوم سے توقعات وابستہ ہیں، سانحہ قصور جیسے واقعات حکومت اور حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، حکومت میں موجودکرپٹ وزراء اور مشیر ملک میں جاری بدامنی کے ذمہ دار ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر سانحہ ماڈل ٹائون کے شہدا ء کو انصاف ملتا تو شاید قصور میں زینب کی عصمت دری نہ ہوتی۔