مسجدالاقصیٰ میں نماز جمعہ کا روح پرور اجتماع
قدس کی غاصب و جابر صیہونی حکومت کی جانب سے عائد پابندیوں، دھمکیوں اور سکیورٹی حصار کے باوجود مسجدالاقصیٰ میں نماز جمعہ کا روح پرور اجتماع منعقد ہوا جس میں 70 ہزار سے زائد فلسطینیوں نے شرکت کی۔
فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق، مسجدالاقصیٰ میں نماز جمعہ پڑھنے کیلئے بڑی تعداد میں فلسطینیوں نے ایسے عالم میں شرکت کی کہ اسرائیل کے غاصب فوجیوں کی طرف سے ہر قسم کی پابندی عائد تھی اور انہوں نے ہر جگہ رکاوٹیں کھڑی کی تھیں لیکن فلسطینیوں نے اپنی بھرپور شرکت سے صیہونی فوجیوں کے اقدامات کو نقش بر آب کردیا۔
واضح رہے کہ آج صبح بھی بیت المقدس میں واقع مسجدالاقصیٰ اور الخلیل میں مسجد حضرت ابراهیم (ع) میں ہزاروں فلسطینیوں نے صبح کی نماز ادا کی۔
فلسطینی استقامتی گروہوں نے نابلس میں صیہونیوں کے حالیہ جرائم پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنے اس موقف پر زور دیا ہے کہ مسلح استقامت ہی واحد آپشن ہے جو صیہونی حکومت کو فلسطینی شہریوں کے خلاف جرائم کے ارتکاب سے روک سکتا ہے وہ مسلحانہ مزاحمت ہے اور وہ ہرگز اس آپشن سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
واضح رہے بدھ کے روز نابلس میں صیہونی فوجیوں کی جارحیت میں 11 فلسطینی شہید اور 102 زخمی ہوئے تھے۔