اس سال حج اور عمرے کا بائیکاٹ کر دیا جائے،مفتی اعظم کی اپیل
شیعہ نیوز : لیبیا کے مفتی اعظم نے حج و عمرے کے بائیکاٹ کی اپیل کر دی ہے۔ کئی دیگر مفتیان کرام نے بھی مسلمانوں کو سعودی عرب جانے سے منع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیبیا کے مفتی اعظم صادق الغاریانی کی طرف سے جاری کئے گئے فتوے میں کہا گیا ہے کہ حج اور عمرے کے زائرین سے حاصل کی گئی کمائی کو سعودی حکومت دیگر مسلمانوں کے قتل کیلئے استعمال کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زائرین جو پیسہ سعودی حکومت کو دیتے ہیں،اس پیسے کا استعمال کرکے سعودی حکومت دوسرے مسلمانوں کے خلاف جرائم کرنے کیلئے استعمال کرتی ہے۔
انہوں نے فتوے میں کہا کہ جو افراد پہلے حج یا عمرہ کر چکے ہیں وہ اگر دوبارہ جاتے ہیں تو یہ ثواب نہیں بلکہ گناہ ہوگا۔ ان سے قبل اخوان المسلمون سے تعلق رکھنے والے مفتی یوسف القرضاوی نے ایک فتوے میں حج و عمرہ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
تیونس کے مذہبی رہنماؤں نے بھی ملک کے مفتی اعظم سے کہا ہے کہ وہ لوگوں کو حج کے لیے سعودی عرب جانے سے روکنے کے لیے فتویٰ جاری کریں۔ تیونس کی اماموں کی یونین کے ایک سینیئر عہدیدار فیصل الشعور نے کہا ہے کہ سعودی عرب علاقائی جنگوں میں ملوث ہے اور اسے زائرین کی جانب سے سرمایہ فراہم نہیں ہونا چاہیے۔
الشعور کا مزید کہنا تھا،’’جو پیسے سعودی حکام کو حج کی مد میں ملتے ہیں، وہ دنیا بھر کے غریب مسلمانوں کے مدد کے لیے استعمال نہیں کرتا، بلکہ لوگوں کو قتل اور بے گھر کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے، جیسا کہ اس وقت یمن میں ہو رہا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ تیونس کے باشندے حج کا بائیکاٹ کریں اور یہ سرمایہ غریب افراد کی مدد کے لیے استعمال کریں، جو غربت اور افلاس سے نبرد آزما ہیں۔