اقوام متحدہ کا عارضی کے بجائے مکمل انسانی بنیادوں پر جنگ بندی پر زور
شیعہ نیوز: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریش نے پیر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی کے بجائے مکمل انسانی بنیادوں پر جنگ بندی پر زور دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’غزہ میں صورت حال دن بہ دن بدتر ہوتی جا رہی ہے۔‘
مصری، قطری اور امریکی مذاکرات کاروں نے غزہ میں چار روزہ جنگ بندی کی توسیع پر اتفاق کیا جو پیر کو ختم ہو رہی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انتونیو گوتیریش کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’معاہدے کی وجہ بننے والی بات چیت کو جاری رہنا چاہیے، جس کے نتیجے میں غزہ، اسرائیل اور وسیع خطے کے لوگوں کے فائدے کے لیے ایک مکمل انسانی بنیادوں پر جنگ بندی ہو۔‘
یہ بھی پڑھیں : غزہ: انسانی بنیادوں پر دو دن کی جنگ بندی میں توسیع کا معاہدہ
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ان کوششوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا۔
دوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ نے جنگ بندی کے دوران گذشتہ چار دنوں کے دوران غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل میں اضافہ کیا ہے اور ساحلی علاقوں کے کچھ شمالی علاقوں میں امداد بھیجی ہے جو ہفتوں سے بڑے پیمانے پر منقطع تھے۔
یاد رہے کہ قطر کی وزارت خارجہ نے کچھ گھنٹے پہلے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ بندی میں توسیع پر فریقین نے اتفاق کرلیا ہے۔
دوسری طرف حماس نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ مصر اور قطر کے ساتھ جنگ بندی میں مزید دو دن توسیع پر اتفاق کیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے اکسیوس نے صہیونی اعلی عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ جنگ بندی میں مزید دو دن توسیع پر اتفاق کیا گیا ہے جس کے دوران ہر روز 10 صہیونی یرغمالی آزاد ہوں گے۔