الحدیدہ کے مختلف علاقوں پر سعودی اتحاد کی شدید بمباری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جارح سعودی اتحاد نے یمن کے صوبے الحدیدہ کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بناتے ہوئے شدید بمباری و گولہ باری کی ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے صوبے الحدیدہ میں یمن کی مسلح افواج کے آپریشنل ہیڈ کوارٹر نے اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد کے ڈرون طیاروں نے الحدیدہ میں حیس اور الجبلیہ کو کئی بار وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا۔
جارح سعودی اتحاد نے فائربندی کی کئی بار خلاف ورزی کرتے ہوئے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران یمن کے صوبے الحدیدہ کے مختلف علاقوں کو دسیوں بار فضائی اور میزائل حملوں کا نشانہ بنایا جبکہ شدید گولہ باری بھی کی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سعودی اتحاد کی جانب سے ہمیشہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے۔
اقوام متحدہ کی کوششوں سے دو بار جنگ بندی کی مدت میں توسیع بھی کی گئی اور دوسری بار کی مدت دو اکتوبر کو ختم ہو چکی ہے۔
اب تک چھے مہینے تک جنگ بندی رہی جبکہ اس دوران سعودی اتحاد یمن کو مسلسل جارحیت کا نشانہ بناتا رہا ہے۔
دوسری جانب پریس ذرائع نے خبر دی ہے کہ شہر حیس میں جارح سعودی اتحاد کی جارحیت کے دور کی باقی بچی بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
ادھر صوبے ابین میں متحدہ عرب امارات سے وابستہ فوجیوں کے راستے میں ہونے والے دھماکے میں چھے افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
دریں اثنا متحدہ عرب امارات سے وابستہ جنوب کی عبوری کونسل کے فوجیوں کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبے ابین میں واقع مودیہ کے علاقے وادی عومران میں داخل ہونے والے راستے میں گشتی فوجی گاڑی کے راستے میں ہونے والے دھماکے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس دھماکے میں زخمی ہونے والے فوجیوں کو لودر کے علاقے محنف کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابھی تک کسی نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
متحدہ عرب امارات سے وابستہ جنوبی یمن کی عبوری کونسل کا، جو سن دو ہزار سترہ میں قائم ہوئی ہے، جنوبی یمن کے مختلف علاقوں منجملہ عدن اور صوبے سقطرا پر قبضہ ہے۔
جبکہ یمن کی مستعفی حکومت کے فوجیوں اور جنوبی یمن کی اس کونسل کے مسلح افراد کے درمیان شدید جنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اس آپسی جنگ میں بھی اب تک بڑی تعداد میں دونوں طرف کے مسلح افراد مارے جا چکے ہیں۔