
انتہاء پسندی اور شدت پسندی کا مقابلہ اتحاداور وحدت سے کیا جائے
تعلیمات اسلامی امن و محبت کی بات کے ساتھ ساتھ احترام انسانیت کا درس دیتی ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جعفریہ الائنس کے رہنما علامہ محمد حسین مسعودی نے کہا ہے کہ انتہا پسندی، شدت پسندی اور دہشت گردی کا مقابلہ اتحاد، وحدت، رواداری اور صبر و تحمل سے کیا جائے۔
فیڈرل بی ایریا میں علماء و معززین کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مسعودی کا کہنا تھا کہ تعلیمات اسلامی امن و محبت کی بات کے ساتھ ساتھ احترام انسانیت کا درس دیتی ہیں، ہمیں اسی فلسفے کو آگے بڑھانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اسلام دشمن قوتیں اسلام کی تعلیمات کو غلط رنگ میں پیش کررہی ہیں، جس کی وجہ سے پوری دنیا، قتل و غارت گری کی لپیٹ میں ہے، یہ عناصر انتشار و افراتفری و کفر و الہاد کا پیغام عام کررہے ہیں اور مسلمانوں کو نشانہ بناکر دہشت گردی کے کلچر کو فروغ دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو اسلام کے ایسے ٹھیکیداروں سے ہوشیار رہنا ہوگا جو ملک و قوم کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، اس کے ساتھ ساتھ یہ عناصر اپنی مرضی کا اسلام عوام پر تھوپ رہے ہیں لہٰذا ان کا مکمل بائیکاٹ ہونا چاہیئے۔