آرمی چیف سے مدارس کے طلبا کی ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے اتحاد تنظیمات المدارس سے وابستہ دینی مدارس کے طلبہ و طالبات کی ملاقات ہوئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ملاقات میں انٹر امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ شریک تھے، ملاقات میں 4 طالبات بھی شامل تھیں۔اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور، وفاق المدارس پاکستان سے تعلق رکھنے والے مولانا قاری محمد حنیف جالندھری سمیت دیگر علماء بھی شریک تھے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر طلبہ سے خطاب میں کہا کہ دینی مدارس کو قومی دھارے میں لانے کی کوششوں کے مثبت اثرات ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مدارس کے طلبہ کو قومی دھارے میں لانے کےلیے کوششیں جاری ہیں اس لئےمدارس کے طلبہ خوشحال پاکستان کےلیے محنت جاری رکھیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےاس موقع پر کہا کہ وہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہیں۔ طلبہ معاشرے کے مفید شہری بننے کےلیے مزید محنت اورلگن سے کام کریں۔آرمی چیف نے امتیازی حیثیت حاصل کرنے والے طلبہ،والدین اوراساتذہ کوانعامات بھی دیئے۔