
آيت اللہ سیستانی کا لبنانی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ ) عراق کے بزرگ مرجع آيت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے بھیانک دھماکے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے لبنانی عوام کی بھر پور امداد کی اپیل کی ہے۔
آیت اللہ سید علی سیستانی کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گيا ہے کہ آیت اللہ سیستانی نے بیروت میں ہونے والے دردناک دھماکے میں ہزاروں افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں کہا گيا ہے کہ رنج و غم کی اس گھڑی میں لبنان کے عوام کو دلی تعزیت پیش کرتے ہیں اور خداوند عالم سے دعا کرتے ہیں کہ وہ انھیں اس بڑے امتحان سے گزر جانے کا حوصلہ اور صبر عطا کرے۔آيت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے بیان میں کہا گيا ہے کہ ہم دنیا بھر کے مذہبی اور نیک لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سخت حالات اور شرائط میں لبنانی عوام سے یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور ان کی بھر پور مدد کریں تاکہ اس المیے کے بعد ان کے مصائب اور غم میں کمی آ سکے۔
بیان کے آخر میں کہا گيا ہے کہ ہم خداوند متعال سے دعا کرتے ہیں کہ وہ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں پر رحمت اور مغفرت نازل فرمائے اور زخمیوں کو جلد از جلد شفا عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر و تحمل عطا کرے۔