
ایام عزا کیلیئے ضابطہ اخلاق جاری، علماء و ذاکرین کیلیے ویکسینیشن لازمی قرار
شیعہ نیوز:محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا وائرس سے متعلق عاشورہ، ایام عزا اور مجالس کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا، آن لائن مجالس کو ترجیح دینے کی ہدایت، علماء و ذاکرین کی مجالس میں شرکت کیلئے کرونا ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے محرم الحرام کے دوران مجالس و جلوس عاشورہ اور ایام عزاء کیلئے نیا ضابطہ اخلاق جاری کردیا، گائیڈ لائنز تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کردی گئیں۔محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق صوبہ بھر میں علماء و ذاکرین کی مجالس میں شرکت کیلئے کورونا ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ مجالس اور جلوسوں میں کم تعداد کی شرکت کو ممکن بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہا ہے کہ مجالس کیلئے آن لائن سیشن کو ترجیح دی جائے، مجالس و جلوس کے داخلی راستوں پر تھرمل اسکینرز لگائے جائیں اور ماسک کے بغیر شرکت کی کسی کو بھی اجازت نہ دی جائے۔