مشرق وسطی

ایرانی صدر سے پاکستانی وزیر داخلہ کی ملاقات، 12 روزہ جنگ میں ایران کی حمایت پر شکر ادا کیا

شیعہ نیوز: صدر جمہوریہ ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے آج پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن نقوی سے ملاقات کے دوران اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو موجودہ حالات میں ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ اگر مسلم اقوام وحدتِ امتِ اسلامی کی اہمیت کو سمجھیں تو وہ ایک متحد قوت بن کر، صہیونی رژیم کی تفرقہ انگیز اور مجرمانہ پالیسیوں کے مقابلے میں ڈٹ کر کھڑی ہو سکتی ہیں۔

صدر ایران نے ایران و پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی وفود کے تبادلے اور تعمیری مشاورتوں کے تسلسل سے دو طرفہ تعلقات کو ہمہ جہتی تعاون کی جانب مزید گہرائی دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی رژیم کی بقا کا انحصار اسلامی ممالک میں تفرقہ ڈالنے اور بدامنی پھیلانے پر ہے۔ اسلامی دنیا کے پالیسی سازوں اور سیاست دانوں کو اس خطرناک حکمت عملی سے مکمل طور پر باخبر رہنا چاہیے اور امتِ اسلامی کے درمیان اتحاد و یگانگت کو فروغ دے کر اس سازش کو ناکام بنانا چاہیے۔

ایرانی صدر نے 12 روزہ جنگ کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت پر پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے وسیع امکانات موجود ہیں اور ایران ان صلاحیتوں کو فعال کرنے کے لیے مکمل آمادہ ہے۔

دوسری جانب، پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے ملاقات میں اپنے وزیر اعظم کا سلام اور نیک تمنائیں صدر ایران تک پہنچائیں اور ملتِ ایران کی صہیونی جارحیت کے مقابلے میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای کی مدبرانہ قیادت اور آپ کی تدبیر و حکمت نے اس باوقار مزاحمت میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، اور یہ کامیابی پوری امتِ اسلامی کے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے صہیونی جارحیت کی شدید اور فوری مذمت کی اور ایران کے دفاعِ مشروع کے حق کی بھرپور تائید کی۔

سید محسن نقوی نے ایران اور پاکستان کے تعلقات کو منفرد اور ترقی پذیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے سفراء، دو طرفہ تعلقات کو گہرا کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button