
ایم ڈبلیو ایم پنجاب کی صوبائی شوریٰ کا اجلاس اختتام پذیر
اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نومنتخب پنجاب کابینہ سے حلف لیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی صوبائی شوریٰ کا لاہور میں منعقدہ اجلاس اختتام پذیر ہوگیا ۔
اجلاس میں سنٹرل پنجاب کے تمام اضلاع کے سیکرٹری جنرلز نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے کی۔
اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نومنتخب پنجاب کابینہ سے حلف لیا، اس موقع پر علامہ اعجاز بہشتی، سید اسد عباس نقوی، علامہ حسن ہمدانی، ڈاکٹر افتخار حسین نقوی ناصر علی اور ماجد علی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
علامہ عبدالخالق اسدی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے اغراض و مقاصد اور نو منتخب عہدیداروں کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ایک جماعت ایسی ہونی چاہئے جو دین کی طرف بلائے، مظلوم کی حمایت کرئے اور ظالم کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین یہ کردار بہتر انداز میں سرانجام دے رہی ہے، ہم وطن عزیز کی سالمیت اور سلامتی کیلئے کوشاں رہیں گے۔ علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ تمام نومنتخب عہدیدار اب معاشرے میں جماعت کے نمائندے ہیں اور اپنی خدمات ملت کیلئے وقف کرتے ہوئے قومی فلاح کیلئے کام کریں۔