ایک سازش کے تحت اہل سنت کے اندر ناصبیت کو ہوا دی جا رہی ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)امجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شان میں گستاخی کر کے آصف جلالی نے کروڑوں مسلمانوں اور عاشقان اہلبیت (ع) کی دل آزاری کی ہے، اہلسنت علماء کرام کی جانب سے آصف جلالی کو ناصبی اور گستاخ اہلبیت (ع) و توہین رسالت کا مرتکب قرار دینے سے یہ بات واضح ہے کہ اسلام کے تمام مکاتب فکر سیدہ کائنات خاتون جنت حضرت بی بی فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت پر متفق ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ آصف جلالی کے خلاف توہین رسالت (ص) کے جرم میں مقدمہ درج کیا جائے۔ ایک سازش کے تحت اہل سنت کے اندر ناصبیت کو ہوا دی جا رہی ہے، کچھ عرصہ پہلے ناصبی فکر کے حامل ایک شخص نے حضرت امیرالمومنین امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے دشمن کا دفاع کیا تھا۔ آج سیدہ نساء العالمین بی بی فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شان میں گستاخی کر کے آصف جلالی نے اپنے یزیدی کردار کو بے نقاب کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ احادیث نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی روشنی میں سیدہ فاطمہ زہرا (س) آیت تطہیر کا مصداق ہیں اور اصحاب کساء میں سے ہیں، حضور (ص) نے بی بی فاطمہ زہرا (س) کی ناراضگی کو اپنی ناراضگی کا سبب قرار دیا اور فرمایا کہ جس نے فاطمہ زہرا (س) کو ناراض کیا اس نے اللہ کو ناراض کیا اور جس نے فاطمہ زہرا (س) کو راضی کیا، اس نے رسول اللہ کو اور اللہ تبارک و تعالی کو راضی کیا۔ لہذا سیدہ کائنات (س) کی شان میں گستاخی کر کے آصف جلالی نے اللہ اور اس کے رسول (ص) کو ناراض کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان گستاخ اہلبیت کے خلاف فوری تادیبی کاروائی کرے۔