بحرینی عوام نے منامہ کانفرنس کا بائیکاٹ کرکے فلسطینی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔ اسماعیل ھنیہ
شیعہ نیوز : غزہ میں ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے بحرین میں منعقدہ اقتصادی کانفرنس کے بائیکاٹ کرنے والے ممالک اور اقوام کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدی کی ڈیل کی سازش کو آگے بڑھانے کے لیے منامہ میں اقتصادی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا مگر بحرینی عوام نے اس کا بائیکاٹ کرکے فلسطینی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے غزہ میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی ثالثی کرنے والے ملکوں قطر، مصر اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو جنگ بندی معاہدے کا پابند بنانے کے لیے اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔
اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ جن ممالک اور طاقتوں نے غزہ میں جنگ بندی کرائی ہے وہ اسرائیل کو جنگ بندی کی شرائط پر عمل درآمد کرانے کے لیے دباؤ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے واحد بجلی گھر کوقطر کی طرف سے فراہم کردہ ایندھن بند کرنا صیہونی ریاست کی غزہ کے عوام کے خلاف کھلی اور ننگی جارحیت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم اپنے حقوق کے حصول تک غزہ میں حق واپسی مظاہرے جارے رکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم غزہ میں جنگ بندی کے لیے ثالثی کرنے والوں کے علم میں لانا چاہتے ہیں کہ اسرائیلی ریاست غزہ میں جنگ بندی کی کھلےعام خلاف ورزی کر رہا ہے۔