بدقسمتی سے ہماری مجالس اور محافل سے نوجوان خدا کے قریب نہیں ہو رہے:آغا نصرت بخاری
شیعہ نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان ڈویژنل کے زیراہتمام ”یوم جوان” کے عنوان سے مقامی ہوٹل میں شاندار سیمینار کا اہتمام کیا گیا، جس میں انٹرنیشنل اسکالر آغا نصرت بخاری نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔ سیمینار میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کے علاوہ علمائے کرام اور سینیئرز بھی موجود تھے۔ اس موقع پرڈویژنل صدر ملتان ثقلین ظفر، ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل اور رکن ذیلی نظارت علامہ اقتدار حسین نقوی، مولانا وسیم عباس معصومی، مولانا کاشف حیدری، مولانا فرمان علی صفدری، سابق مرکزی صدر یافث نوید ہاشمی، سابق ڈویژنل صدر سلیم عباس صدیقی، ڈاکٹر عاصم سرانی، شہریار حیدر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
آغا نصرت بخاری نے اپنے خطاب میں نوجوان کا مقام اور معاشرے میں اُس کی اہمیت، غیبت امام میں نوجوان کی ذمہ داریوں کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی۔ علامہ نصرت بخاری نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری مجالس اور محافل سے نوجوان خدا کے قریب نہیں ہو رہے، اس کی کیا وجہ ہے کہ ہم سالانہ سینکڑوں مجالس بھی سنتے ہیں لیکن سیرت جناب علی اکبر ہمارے اندر نہیں آرہی، ہمیں اپنی محافل اور مجالس میں وہ مواد نہیں مل رہا، جو ایک عام جوان کو کربلائی جوان بناتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس وقت استعمار نوجوانوں کے خلاف صف آراء ہے، استعمار کوشش کر رہا ہے کہ نوجوانوں پر مغربی ثقافتی یلغار غالب آجائے، ہمارے پاس شہداء کی شکل میں آئیڈیل شخصیات موجود ہیں، نوجوانوں کے لیے کربلا ایک بے نظیر درسگاہ ہے، جس میں تمام پہلووں کا احاطہ کیا گیا ہے۔