دنیاہفتہ کی اہم خبریں

جوبائیڈن انتظامیہ کا انصار اللہ پر دباؤ جاری رکھنے کا اعلان

شیعہ نیوز: امریکی ترجمان وزارت خارجہ نڈ پرائس نے یمن میں الحوثی گروہ کے خلاف امریکی دباؤ جاری رکھے جانے کا اعلان کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ امریکہ حوثی حکومت کے زیرکنٹرول لوگوں کے مسائل و مشکلات میں اضافہ نہیں چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل امریکی کانگریس کو باخبر کیا جا چکا ہے کہ صدر جو بائیڈن الحوثی گروہ کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست سے نکالنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

امریکی ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی کانگریس کی دونوں جماعتیں، اقوام متحدہ اور امدادی تنظیمیں اس نتیجے پر پہنچی ہیں کہ دہشت گردی سے متعلق عائد کی جانے والی پابندیاں یمن میں انسانی صورت حال اور زیادہ ابتر ہونے کا باعث بنیں گی۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکی کانگریس کے بعض ڈیموکریٹ ارکان نے جمعرات کے روز امریکی صدر جوبائیڈن کے نام ایک مراسلے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دور میں عائد کی گئی پابندیوں کے المناک نتائج برآمد ہونے کی بات کہی ہے۔ جوبائیڈن کے نام امریکی کانگریس کے ارکان کی جانب سے لکھے جانے والے اس خط پر تینتیس اراکین اور دو سینیٹروں نے دستخط کئے ہیں۔

امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کے ترقی پسند دھڑے کے اراکین نے اپنے مراسلے میں تاکید کی ہے کہ کورونا جیسے خطرناک وائرس کے پھیلاؤ کے دور میں امریکہ کی عائد کی جانے والی پابندیوں کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔ ان اراکین نے موجودہ بحرانی صورتحال میں پابندیاں ختم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کے ترقی پسند دھڑے میں شامل اراکین منجملہ الہان عمر، جیسس گارسیا اور الیزابٹ وارن ایسے اراکین ہیں کہ جنہوں نے امریکی صدر جوبائیڈن کو ارسال کیا گیا مراسلہ تحریر اور تیار کیا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس جیسے وبائی امراض کے دور میں غریب اسلامی عرب ملک یمن کے خلاف سعودی اتحاد کی جاری وحشیانہ جارحیت اور امریکہ کی جانب سے عائد کی جانے والی غیر انسانی پابندیوں کے نتیجے میں اس ستم رسیدہ ملک کے عوام کو غذائی اشیا اور دواؤں کی شدید ترین قلت کا سامنا ہے جس کی بنا پر یمن اس وقت تاریخ کے بدترین انسانی المیے سے دوچار ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button