خادم کی حیثیت سے زائرین کی خدمت انجام دیتا رہوں گا، آیت اللہ حافظ بشیر نجفی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) نجف اشرف میں موجود پاکستان سے تعلق رکھنے والے مجتہد آیت اللہ بشیر حسین نجفی نے کہا ہے کہ خادم کی حیثیت سے حتیٰ الامکان زائرین کی خدمت انجام دیتا رہوں گا۔
آیۃ اللہ حافظ بشیر حسین نجفی نے مرکزی دفتر نجف اشرف میں پاکستان سے ملاقات کو آئے چیئرمین امام خمینی ٹرسٹ اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید افتخار حسین نقوی کا خیر مقدم فرماتے ہوئے کہا کہ اُنکی زیارتیں مقبول بارگاہ ایزدی ہوں اور اُنہیں خدمات دین اور قوم و ملت میں مزید توفیقات نصیب ہو۔
اس ملاقات میں پاکستان میں مؤمنین کو درپیش مسائل خصوصاً اس سال اربعین کے لئے آنے والے محترم زائرین کو جن دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اور اسکے دائمی حلول زیر بحث آئے جس پر انہوں نے فرمایا کہ میں قوم کے خادم کی حیثیت سے حتیٰ الامکان خدمت انجام دیتا رہوں گا لیکن اِسکے ساتھ ساتھ آپ سے اور پاکستان میں علماء کرام اور مومنین سے تعاون کی اُمید کرتا ہوں تاکہ ان وجوہات کا سد باب کیا جاسکے جس کی وجہ سے زائرین کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔