
ریمدان بارڈر پر پاکستانی زائرین اربعین کے استقبال کی تیاریاں مکمل
شیعہ نیوز: ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں واقع ریمدان سرحدی گزرگاہ اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کی میزبانی کے لیے مسلسل چوتھے سال بھی مکمل طور پر تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ضلع دشتیاری میں واقع ریمدان بارڈر پر پاکستانی زائرینِ امام حسینؑ کے استقبال کے لیے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس بار بھی زائرین کو مکمل سہولت، رہنمائی اور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
گزشتہ دو روز کے دوران امور مسول امور صوبہ جات، اربعین کمیٹی کے سیکرٹری، صوبہ سیستان و بلوچستان کے صدا و سیما کے ڈائریکٹر جنرل اور دشتیاری کے متعدد انتظامی افسران نے ریمدان بارڈر کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران زائرین کے قیام و طعام، سکیورٹی اور سفری انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ ریمدان بارڈر پاکستانی زائرین کے لیے ایک اہم اور تیزترین راستہ بن چکا ہے، جہاں ہر سال اربعین کے موقع پر ہزاروں زائرین عراق کی جانب روانہ ہوتے ہیں۔