سرحدی جھڑپوں کا ذمہ دار پاکستان ہے: طالبان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) افغانستان کی عبوری طالبان انتظامیہ کے ترجمان نے سرحدی جھڑپوں کا ذمہ دار پاکستان کی سرحدی سیکورٹی فورس کو قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان کی عبوری طالبان انتظامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی سرحدی سیکورٹی فورس نے ایک بار پھر اسپین بولدک سرحدی گذرگا ہ پر فائرنگ کی اور لڑائی کا آغاز کیا۔
اس ترجمان نے کہا کہ اس قسم کی جھڑپوں کو روکنے کا حل خود پاکستان کے پاس موجود ہے۔ افغانستان کی طالبان انتظامیہ کی وزارت دفاع نے بھی سرحدی جھڑپوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کی بہانہ جوئی کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کی طالبان انتظامیہ کی سرحدی فورسز کے درمیان چمن- اسپین بولدک سرحد پر ایک بار پھر جھڑپ ہوئی ہے۔
موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان و افغانستان کے سرحدی سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان ہونے والی اس جھڑپ میں سات افراد ہلاک اور تیس دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
افغانستان میں جب سے طالبان برسراقتدار آئے ہیں اس وقت سے اب تک دونوں ملکوں کے درمیان کئی بار سرحدی جھڑپیں ہو چکی ہیں اور دونوں ہی ممالک ایک دوسرے پر جھڑپ شروع کرنے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔