سعودی اتحاد فائر بندی کے اپنے وعدے پر عمل نہیں کر رہا ہے، یمن
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ صنعا ایرپورٹ کو نہ کھولنا انسان دوستانہ مسائل کے بارے میں جنگ بندی کی اہم ترین شق کو نظرانداز کئے جانے کے مترادف ہے۔
انھوں نے کہا کہ یمن کے اعلی طبی کمیشن کے پاس تیس ہزار بیماروں کی فہرست موجود ہے جو بیرون ملک علاج و معالجے کا انتظار کر رہے ہیں ۔
دریں اثنا یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے ایک مذاکرات کار عبد الملک العجری نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے بارے میں اقوام متحدہ اور اس کے خصوصی ایلچی کی نہایت کمزور کارکردگی، ان کے کردار پر نظرثانی اور اسی طرح دیگر علاقائی و بین الاقوامی فریقوں کی حمایت اور فائر بندی کے سمجھوتے پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہائی کرائی جانے کی متقاضی ہے۔
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر ٹرانسپورٹ عامر المرانی نے بھی سعودی اتحاد کی جانب سے فائر بندی کے سمجھوتے کی خلاف ورزی کئے جانے پر کڑی تنقید کی ہے۔
واضح رہے کہ تین ہفتے قبل دو مہینے کی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا جس میں طے پایا تھا کہ سعودی اتحاد اپنی ہر قسم کی جارحیت بند کردے گا اور صنعا ایرپورٹ کا محاصرہ ختم کر دے گا مگر ابتک اس اتحاد نے سمجھوتے اور اپنے وعدے پر عمل نہیں کیا۔