سعودی ولیعہد بن سلمان نے اپنے والد کے قریبی دوست کو حراست میں لے لیا
شیعہ نیوز: سعودی ولیعہد بن سلمان نے اپنے والد شاہ سلمان کے قریبی دوست اور ایک قبیلے کے سردار نایف بن حثلین کو اس لئے حراست میں لے لیا کہ انہوں نے سعودی فرمانروا کو تنقید آمیز خط ارسال کیا تھا۔
سعودی عرب میں معتقلی الرای نامی سرگرم سیاسی تنظیم نے اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا ہے کہ بن حثلین نے ملک کی صورتحال اور ولیعہد بن سلمان کے اقدامات کے بارے میں ایک خفیہ خط میں سعودی فرمانروا کو نصیحت کی تھی۔
ان کے اسی خط کی وجہ سے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے خبردار کیا ہے کہ سعودی عرب کے پراسیکیوٹر جنرل معروف سعودی دانشور اور محقق شیخ حسن المالکی کو نامعلوم الزامات کے تحت پھانسی کی سزا دینا چاہتے ہیں۔
اس سے پہلے بھی بعض ذرائع نے خبر دی تھی کہ سعودی حکومت، ملک کے تین علماء سلمان العودہ، عوض القرنی اور علی العمری کو پھانسی دینے والی ہے۔
اس خبر کے منظر عام پر آنے کے بعد مغربی ملکوں میں مقیم اسّی علماء نے سعودی حکومت کو خط لکھ کر سعودی عرب میں انسانی حقوق کی پامالی کے واقعات پر تنقید کی تھی۔