پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں
سکردو، وزیر زراعت کاظم میثم کا ڈپٹی کمشنر سے رابطہ، پانی کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت
شیعہ نیوز:وزیر زراعت کاظم میثم نے ضلعی انتظامیہ کے سربراہ سے رابطہ کیا اور سکردو میں آبپاشی کے مسائل فوری حل کرانے کے احکامات جاری کیے۔ وزیر زراعت نے نیورنگاہ، گونڈ، کشمراہ، نیانیور آستانہ اور الڈینگ و سکمیدان سمیت ملحقہ علاقوں کے لیے پانی چھوڑنے کی ہدایت کی۔ کاظم میثم نے کہا کہ سدپارہ ڈیم میں اچھی مقدار میں پانی شامل ہونے کے بعد آبپاشی کے لیے پانی کی شکایات نہیں آنی چاہیے۔ پانی کی کمی کے باعث زمینداروں کو کافی نقصان پہنچا ہے مزید نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ضلعی انتظامیہ کے سربراہ نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ پندرہ روز تک پانی کی شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ کھیتوں کو سیراب ہونے تک پانی سٹاک نہ کرنے کی ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی۔