
سینئر صحافی، تجزیہ کار اور روزنامہ "پاکستان” کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمان شامی کی وفدکے ہمراہ ایرانی قونصلیٹ جنرل سے ملاقات
اس موقع پر مجیب الرحمان شامی کا کہنا تھا کہ ابراہیم رئیسی کی شہادت ایران کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔
شیعہ نیوز:سینئر صحافی، تجزیہ کار اور روزنامہ "پاکستان” کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمان شامی، معروف کالم نگار و تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی، عمر شامی، عثمان شامی، بابرخان اور اجمل جامی نے ایرانی قونصل خانہ لاہور پہنچ کر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر تعزیت کی اور وزیٹرز بک پر اپنے تاثرات قلم بند کیے۔
اس موقع پر مجیب الرحمان شامی کا کہنا تھا کہ ابراہیم رئیسی کی شہادت ایران کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ پاکستان اور ایران کے تعلقات کیلئے ابراہیم رئیسی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کے عوام دکھ کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور ان کے اہلخانہ و ایرانی قوم کو اس سانحے پر صبر جمیل عطا فرمائے۔