پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

شہید علامہ حسن ترابی نے بے پناہ ملی و قومی خدمات انجام دیں

شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ )شیعہ علماء کونسل پاکستان کے قائد علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں اتحاد و وحدت کی بنیاد، اخوت و یگانگت کے فروغ اور داخلی سلامتی و استحکام کیلئے ہماری جدوجہد تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور اس راستے میں قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا گیا۔ اسی تناظر میں علامہ حسن ترابی نے متواتر اور مسلسل جدوجہد جاری رکھی اور اعلیٰ و ارفع اہداف کے حصول کی خاطر اور نیک و پاکیزہ مشن کی تکمیل کرتے ہوئے اس راہ میں درجہ شہادت پر فائز ہوگئے۔ شہید علامہ حسن ترابی کی 14ویں برسی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ قرآنی و نبوی تصور کے مطابق امت مسلمہ درحقیقت امت واحدہ ہے۔ اس تصور کو اجاگر کرتے ہوئے ہم نے امت مسلمہ کی وحدت کو ایک تنظیم اور نظم کی صورت دے کر اس ملک میں بلکہ برصغیر کی تاریخ میں متحدہ مجلس عمل پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان جیسے منفرد اور معتبر فورم کی تاسیس میں بنیادی کردار ادا کیا۔

علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ اس کے اثرات ملک کے گلی کوچوں تک پہنچے، جس کے نتیجے میں نہ صرف اسلامیان پاکستان بلکہ عالم اسلام کسی نہ کسی حوالے سے استفادہ کر رہا ہے۔ اس فورم کے ذریعے خاص طور پر صوبہ سندھ میں شہید علامہ حسن ترابی نے بے پناہ خدمات سرانجام دیں اور وحدت و اخوت کے پیغام کو پھیلانے میں شب و روز جدوجہد کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید کی ملی خدمات، ان کے مشن، ہدف اور مقصد کو آگے بڑھانے، ان کی یاد منانے اور حقیقی معنوں میں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لازم و ناگزیر ہے۔ ان کے مثبت کردار کو مشعل راہ بنایا جائے۔ شہید کی برسی کے اس موقع پر علامہ ساجد نقوی نے شہید علامہ حسن ترابی کے خانوادے کی دلجوئی کرتے ہوئے شہید حسن ترابی اور شہدائے ملت کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کے استحکام و سلامتی کی خصوصی دعا کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button