صدر مملکت عارف علوی کے دستخط کے بعد فنانس بل 20-2019 ملک میں نافذ ہوگیا
صدر مملکت کے اس دستخط کے بعد فنانس بل 2019 کا اطلاق ہوگیا۔
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) نئے مالی سال کا آغاز آج یکم جولائی سے ہوگیا ہے اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے دستخط کے بعد فنانس بل 20-2019 پورے ملک میں نافذ کردیا گیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد فنانس بل کو ایوان صدر بھیجا گیا، جہاں صدر نے اس کی منظوری دی۔
صدر مملکت کے اس دستخط کے بعد فنانس بل 2019 کا اطلاق ہوگیا۔
دوسری جانب ملک میں نئے مالی سال کے دوران 11 سو ارب روپے کے اضافی ٹیکسز نافذ ہوں گے۔
نئے مالی سال میں فائلر اور نان فائلر کا فرق ختم ہوگیا جبکہ وفاقی حکومت کو حاصل ٹیکس چھوٹ کا اختیار بھی ختم ہوگیا ہے۔
اس نئے مالی سال میں بجلی، گیس، چینی، ایل پی جی، سیگریٹ، سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا جبکہ جائیدادیں بھی مہنگی ہوجائیں گی۔
یاد رہے کہ 12 جون 2019 کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے اپنا پہلا مکمل بجٹ پیش کیا تھا، جس میں ٹیکس وصولیوں کا تخمینہ 55 سو ارب روپے رکھا گیا تھا۔
اس بجٹ میں مختلف اشیا خورونوش پر ٹیکسز میں اضافہ کیا گیا تھا جبکہ دفاعی بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا تھا اور اسے ایک ہزار ایک سو 52 ارب روپے پر برقرار رکھا گیا تھا۔
بعد ازاں حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ کو بحث کے لیے قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا، جہاں اپوزیشن نے اس بجٹ پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا تھا۔
اسی بجٹ کو منظوری سے روکنے کی حکمت عملی کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بھی ہوئی تھی۔
تاہم 28 جون کو قوم اسمبلی نے چند تکنیکی ترامیم کے ساتھ آئندہ مالی سال 20-2019 کے بجٹ کو باقاعدہ طور پر منظور کرلیا تھا۔