اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

عالمِ اسلام کی قیادت کب تک غفلت، بزدلی اور بے حمیتی کی چادر اوڑھے رہے گی؟نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ

شیعہ نیوز : نائب امیر جماعت اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں عدالتی حکم کے باوجود خاندان اور پارٹی رہنماوں کی ملاقات نہ کرانا توہینِ عدالت اور بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے، حکومت اور انتظامیہ عدالتی فیصلوں کا احترام کریں اور پرامن احتجاج پرتشدد اور گرفتاریوں سے گریز کرے، ملک کا سیاسی بحران ام البحران بنا ہوا ہے، حکومت اور سیاسی جمہوری قوتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ آئین، جمہوریت، پارلیمانی اقدار اور عدالتی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے سیاسی بنیادوں پر سیاسی بحرانوں کا حل نکالیں۔

لیاقت بلوچ  نے کہا کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ میں سونے، تانبے، تیل و گیس کے ذخائر کا دریافت ہونا پوری قوم کے لیے حوصلہ اور خوشی کا باعث ہے، قومی وحدت، قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ معدنیات، پانی، سی پیک اور قومی شاہراہوں کی تعمیر جیسے قومی ایشوز پر شفاف اور غیرجانبدارانہ متفقہ قومی حکمتِ عملی اپنائی جائے، لیاقت بلوچ نے امریکی سرپرستی میں ناجائز اسرائیلی صیہونی ریاست کی فلسطینیوں پر مسلسل بمباری، انسان و نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر درجنوں معصوم نہتے فلسطینی قتل کیے جارہے ہیں۔ صیہونی ناجائز ریاست نے گزشتہ 36 روز سے بے گھر، تباہ حال فلسطینیوں کی مکمل ناکہ بندی کرکے ان کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کے راستے مسدود اور اسباب بند کردیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شیعہ علماءکونسل کے رہنماعلامہ ناظرعباس تقوی کی سربراہی میں آئی ایس او کے وفد کی علامہ سید ساجد علی نقوی سے ملاقات

اُنہوں نے کہا کہ صیہونی ریاست کی یہ ڈھٹائی بین الاقوامی طور پر طے شدہ انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی اور سفاکیت کی انتہا ہے۔ غزہ میں گزشتہ 17 ماہ سے جاری نسل کشی پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی خاموشی اور بےبسی انسانیت کی توہین ہے۔ عالمِ اسلام کی قیادت کب تک غفلت، بزدلی اور بے حمیتی کی چادر اوڑھے رہے گی؟ فلسطینی عوام کے جان، مال، عزت و آبرو کی حفاظت کے حوالے سے مسلم لیڈرشپ کا رویہ ذلت اور رسوائی پر مبنی ہے۔ امریکی اسرائیلی شیطانی گٹھ جوڑ سے خطے کو درپیش سنگین خطرات کے مقابلہ میں عالمِ اسلام کی قیادت بروقت اقدامات کرے وگرنہ یہ آگ پورے مشرقِ وسطی میں پھیلے گی تو پھر ان کے لیے روکنا ممکن نہیں رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button