عوام کا اتحاد دشمن کی ناامیدی کا باعث بنا ہے: انصاراللہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یمن کے سینیئر مذاکرات کار محمد عبد السلام نے کہا ہے کہ وہ ایسی دائمی جنگ بندی کے درپے ہیں جس میں انسانی مسائل پر توجہ دی جائے۔
غیر ملکی ذرائع نے محمد عبد السلام کے حوالے سے بتایا ہے کہ انہوں نے ہفتے کی شام المسیرہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جنگ بندی کے نفاذ اور ایئرپورٹ کے کھل جانے کو گزشتہ برس حاصل ہونے والی دو اہم کامیابیاں قرار دیا۔
یمن کے سینیئر مذاکرات کا کہنا تھا کہ فی الحال صورتحال کچھ ایسی ہے کہ سعودی اتحاد نے یمنی افواج کے جوابی حملوں کے خوف سے اپنے مسلسل حملوں کا سلسلہ روک دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال 2022 میں یمنی عوام کے مختلف دھڑوں میں انسجام و اتحاد دیکھا گیا اور یہی وہ چیز تھی جس نے یمنی عوام کے دشمنوں میں ناامیدی کی لہر دوڑا دی ہے۔
یمنی رہنما نے مزید کہا کہ سال 2022 کے دوران مسلح افواج کی متعدد پریڈوں نے بھی یہ ثابت کر دیا کہ یمن اپنی دفاعی پوزیشن میں بھی طاقتور رہا ہے۔
محمد عبد السلام نے واضح کیا کہ یمن ہمیشہ جنگ بندی کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی زور دیتا رہا ہے کہ انسانی اور سیاسی و عسکری مسائل کو الگ الگ رکھا جائے اور وہ اب ایسی دائمی جنگ بندی کی کوشش میں ہے جس میں انسانی مسائل پر توجہ دی جائے۔