غزہ میں صیہونی فوج کے وحشیانہ حملے جاری، مزید 215 فلسطینی شہید
شیعہ نیوز: غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، اسرائیلی بمباری سے 24 گھنٹوں میں مزید 215 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں اقوام متحدہ امدادی ایجنسی کے پناہ گزین اسکول کا محاصرہ کرلیا، گولہ باری اور فائرنگ سے 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں 24 گھنٹوں میں مزید 215 فلسطینی شہید ہوگئے۔ 7 اکتوبر سے فلسطینی شہداء کی تعداد 26 ہزار 637 ہوگئی جبکہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 65 ہزار 387 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں رہائشی علاقوں پر بھی بمباری کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے متعدد شہادتوں کا خدشہ ہے۔
ادھر اسرائیل کا ال امل اسپتال کا محاصرہ آٹھویں روز بھی جاری ہے، اسپتال کے اطراف اسرائیلی فوج کی فلسطینی مزاحمت کاروں سے شدید لڑائی ہوئی۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں بھی فائرنگ کردی، آنسو گیس کی شیلنگ کی وجہ سے مزید 5 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ متعدد کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ شام میں ایرانی حمایت یافتہ گروہ کے ٹھکانے پر اسرائیل نے فضائی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں اسرائیلی فوجی اڈوں کو ٹینک شکن میزائلوں سے نشانہ بنایا۔