فرانس کے صدر نے بھی ایٹمی معاہدے کو بچانے کے لئے کوششیں تیز کر دیں
شیعہ نیوز : جاپان میں جی 20 سمٹ میں شرکت کیلئے آنے والے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے ٹوکیو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران سے درخواست کی کہ وہ عالمی طاقتوں کے ساتھ کئے گئے جوہری معاہدے سے کسی صورت باہر نہ نکلے کوشش کروں گا کہ تہران پر لگنے والی امریکی پابندیوں کو معطل کیا جائے۔
فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے صدر حسن روحانی کے ساتھ گفتگو ہوئی اور میں نے انہیں عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے سے نہ نکلنے کی درخواست کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جی- 20 سربراہی اجلاس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قائل کرنے کی کوشش کروں گا کہ جوہری معاہدے کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔ کوشش کروں گا کہ ایران پر عائد پابندیاں معطل کرائی جائیں اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو بات چیت سے کم کیا جائے اس لئے کہ ہم امن کو موقع دینا چاہتے ہیں۔
امریکہ کی جانب سے جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کرنے اور جوہری معاہدے کے دیگر رکن ممالک کی جانب سے اپنے وعدوں پر عمل نہ کرنے کے بعد ایران نے 8 مئی 2019 کو اس معاہدے کی شق نمبر 26 اور 36 کے تحت اپنے وعدوں میں کمی لانے کا فیصلہ اور اعلان کیا۔