فلسطینی مزاحمتی گروہوں کی 3 گھنٹے میں 5 مسلحانہ کارروائیاں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطینی مجاہدین نے صیہونیوں کے خلاف تین گھنٹے کے اندر پانچ مسلحانہ کارروائیاں انجام دیکر صیہونیوں کو لرزہ براندام کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ کارروائیاں غرب اردن کے مختلف علاقوں میں انجام دی گئی ہیں ۔ فلسطینی مجاہدین نے اس سلسلے کی ایک کارروائی میں جلبون دیہی علاقے کے قریب واقع صیہونی آبادی کو گولیوں کا نشانہ بنایا ۔ ایک اور کارروائی کے دوران جنین کے مضافات میں صیہونی فوجی دستے پر گولیاں برسائی گئیں ۔ اس کے علاوہ اپرتھائیڈ دیوار کے پاس، جلمہ اور دوتان نام کی صیہونی فوج کی چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا گیا ۔ یہ تمام واقعات تین گھنٹے کے اندر پیش آئے۔
اس سے قبل غرب اردن میں واقع شاکید صیہونی بستی کو نشانہ بنایا جا چکا تھا جس کی ذمہ داری جہاد اسلامی فلسطین کی فوجی شاخ سرایا القدس نے قبول کی تھی ۔ اس حملے میں متعدد صیہونی آبادکار زخمی ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے، صیہونی فوج اور مسلح آباد کاروں کی جانب سے بڑھتی جارحیت اور فلسطینی خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے کے جواب میں، اپنی کارروائیاں تیز کر دیں ۔
یاد رہے کہ صیہونی فوج کے ایک اعلی عہدیدار نے کہا تھا کہ فلسطینی اب پتھر کے بجائے ہتھیاروں سے ہمارا جواب دے رہے ہیں ۔