اہم پاکستانی خبریں

لورالائی، پولیس لائنز میں دہشتگردی کی کوشش ناکام، 3 حملہ آور ہلاک

واقعے میں ایک اہلکار حوالدار اللہ نواز شہید ہوئے جن کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) بلوچستان کے علاقے لورالائی میں پولیس نے دہشتگردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک حملہ آور کو ہلاک کردیا جبکہ 2 خودکش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا، تاہم اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گرد پولیس لائنز کے مرکزی دروازے سے داخل ہوئے، تاہم وہاں موجود ایک دہشتگرد کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔

دریں اثنا دوسرے دہشت گرد نے پولیس لائنز میں داخل ہو کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ ان دونوں کے مارے جانے کے بعد ایک اور دہشت گرد نے خود کو مین گیٹ پر دھماکے سے اڑایا۔

واقعے میں ایک اہلکار حوالدار اللہ نواز شہید ہوئے جن کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے۔

زخمیوں میں اے ایس پی لورالائی عطاالرحمان اور ایک خاتون سمیت 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) بلوچستان پولیس محسن حسن بٹ نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردوں نے پولیس لائنز پر اس وقت حملہ کیا جب اہلکارو اپنی محکمانہ ترقی کے لیے امتحان میں مصروف تھے، تاہم ڈیوٹو پر مامور پولیس اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے یہ حملہ پسپا ہوا۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کا عمل شروع کیا تاہم تلاشی کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسے کلیئر قرار دے دیا۔

خیال رہے کہ رواں برس کے آغاز میں دہشت گردوں نے ایف سی ٹریننگ سینٹر پر حملہ کردیا تھا، جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button