مجاہدین بدر نے قلت کے باوجود استقلال سے اسلام کا دفاع کیا
شیعہ نیوز:سربراہ شیعہ علما کونسل علامہ سید ساجد علی نقوی نے فتح جنگ بدر کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غزوہ بدر توکل بر خدا اور قیادت کے احکام اور پالیسیوں پر صدق دل سے عمل کرنے کا واضح مظاہرہ ہے جس سے سبق ملتا ہے کہ جس طرح اصحاب بدر نے بہت کم تعداد میں ہونے اور وسائل کی واضح کمی ہونے کے باوجود حکم رسول کی اطاعت کی اور اپنے آپ کو قربانی کےلئے پیش کرنے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی اور یقین قلب کے ساتھ شہادت قبول کرتے رہے اسی طرح اگر اس دور کے مسلمان بھی سچے جذبے اور کامل ایمان کے ساتھ دشمن قوتوں کی سازشوں اور حملوں کو ناکام بنانے کے لیے اصحاب بدر والا جذبہ پیدا کریں تو کوئی طاقت اسلام کا بال بیکا نہیں کرسکتی۔علامہ ساجدنقوی نے مزید کہا کہ مجاہدین بدر نے قلت کے باوجود جس عزم اور استقلال سے اسلام کا دفاع اور اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ قلت پر کثرت کا غلبہ پہلی مرتبہ غزوہ بدر میں دیکھنے کو ملا جس سے رہتی دنیا تک مسلمانوں اور مجاہدین کو سبق ملا کہ وہ افراد کی قلت اور وسائل کی کمی کی وجہ سے پریشان نہ ہوں بلکہ ایمان، اعتقاد، یقین اور سچے جذبے سے کام لیں تو بڑی سے بڑی ظالم طاقت کو بھی شکست فاش دی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حضور اکرم جیسے عظیم سپہ سالار کی زیر نگرانی اسلام کے پہلے معرکے میں جس طرح جرات و بہادری اور قربانی کی مثالیں رقم کی گئیں وہ اسلام کا اثاثہ اور سرمایہ ہیں۔ محافظ رسالت حضرت علی ؑ نے جس دلیری کے ساتھ سینہ سپر ہوکر کفار اور دشمنوں کا خاتمہ کیا یہ جذبہ ہر مجاہد اور حریت پسند کے لیے نمونہ عمل ہے