ٹرمپ اسرائیل اور سعودی عرب کے مفاد میں علاقے میں بحران پیدا کرنا چاہتے ہیں: یمن
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ علاقے کی صورت حال بحرانی کر کے اسرائیل اور جارح سعودی عرب کو اس کا فائدہ پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
المیادین کی رپورٹ کے مطابق ہشام شرف نے کہا ہے کہ خلیج فارس سمیت پورا علاقہ اس وقت امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے پیدا کی جانے والی سیاسی و فوجی کشیدگی میں شدت کا مشاہدہ کر رہا ہے۔
یمن کے وزیر خارجہ نے کہا کہ بعض ممالک یمن کے دارالحکومت صنعا کو میدان جنگ بنا کر جارحیت و بحران کا پورا پورا فائدہ اسرائیل اور سعودی عرب کو پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی وزات خزانہ نے جمعرات کے روز یمن کے خلاف واشنگٹن کے جارحانہ اور دشمنانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پانچ یمنی حکام کے خلاف پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ اس ملک کے خلاف سعودی اتحاد کی جانب سے جاری مسلسل جارحیت کی بنا پر شدید ترین مسائل کا سامنا ہے اور یمنی عوام کے خلاف مسلط کردہ جنگ کے نتیجے میں اس ملک کے ہزاروں بے گناہ شہری شہید و زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔