ٹرمپ اپنے گھر میں بھی محفوظ نہیں رہے گا بین الاقوامی کانفرنس
شیعہ نیوز:عراق کی عوامی رضاکار فورس کے انفارمیشن سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ بغداد ایئرپورٹ پر امریکی فوج کے دہشت گردانہ حملے کے قانونی پہلؤوں کا جائزہ لینے کے لئے پہلی بین الاقوامی کانفرنس "اقتدار اعلی کی خلاف ورزی اور مجرموں کی سزا” کے زیرعنوان جاری ہے۔ بغداد میں ہونے والی اس کانفرنس میں یونیورسٹیاں، قانونی مراکز اور عراقی قانونی ماہرین شریک ہیں۔
عراق کی خصوصی عدالت نے جمعرات کو امریکی صدر ٹرمپ کی گرفتاری کا حکم صادر کر دیا ہے۔ عراق کی خصوصی عدالت نے ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور الحشد الشعبی کے نائب سربراہ شہید جنرل ابومہدی المہندس پر دہشت گرد امریکی فوج کے حملے کے مقدمے میں یہ فیصلہ صادر کیا ہے۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے ٹرمپ کی گرفتاری کے شجاعانہ فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ اپنے گھر میں بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔ الحشد الشعبی نے کہا کہ عراق انٹرپول کارکن ہے اور عراقی جج کا یہ فیصلہ انٹرپول کو عراقی حکومت کے ساتھ تعاون کا پابند بناتا ہے اور اس عدالتی فیصلے کی بنیاد پر ٹرمپ کسی بھی عنوان سے عراق میں داخل نہیں ہو سکتے۔
اس سے قبل تہران کے پراسیکیوٹر جنرل نے اعلان کیا تھا کہ ٹرمپ اور امریکہ و دیگر ممالک کے پینتیس سیاسی و فوجی حکام کی گرفتاری کا حکم صادر کیا جا چکا ہے اور انٹرپول سے ان افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔