
پاراچنار کے امن کو تباہ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ )مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاراچنار بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاراچنار کے امن کو تباہ کرنے کی سازش کی جاہی ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاراچنار دھماکے میں ملوث شرپسند عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمنٹنے کی ضرورت ہے، شدت پسندوں کی بیخ کنی کیے بغیر ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے پارا چنار کے حالات دانستہ طور پر کشیدہ کیے گئے،زمینی تنازعوں کو فرقہ وارنہ رنگ دے کر مسلکی انتشار کی راہ ہموار کرنا ملک دشمنوں کے ایجنڈے کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ پارا چنار کے اعلی انتظامی افسران کو متعدد بار متنبہ کیا گیا ہے کہ پارا چنار ایک حساس علاقہ اور شرپسندوں کے نشانے پر ہے یہاں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کی اشد ضرورت ہےلیکن انتظامیہ کی طرف سے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے جارہے۔پارا چنار کے معاملے پر انتظامیہ اور اعلی حکومتی عہدیداروں کی غیرسنجیدگی پورے ملک کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاراچنار انتظامیہ شرپسند عناصر کے خلاف فیصلہ کن کاروائیوں کی بجائے اپنے علاقے کے لوگوں کے خلاف مقدمات درج کرنے میں مصروف ہے۔اس طرح کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارا چنار دھماکے کے شہداکے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں شہید ہونے والوں کیلیے حکومت معاوضے کا اعلان کرے اور زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کے اقدامات کیے جائیں۔