مشرق وسطی

پاکستانی قیادت کا رہبر انقلاب کو اہم پیغام، اسلامی جمہوریہ ایران کے مؤقف کی مکمل حمایت کا اعلان

شیعہ نیوز: پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے تہران میں رہبر معظم انقلاب کے مشیر برائے بین الاقوامی امور ڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے تعلقات اور عالم اسلام کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کے مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

ڈاکٹر ولایتی اور محسن نقوی نے ایران، پاکستان اور عراق کے درمیان اربعین حسینی کے عظیم الشان اجتماع کے بہتر انعقاد کے لیے سہ فریقی تعاون پر زور دیتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

ملاقات کے دوران پاکستانی وزیر داخلہ نے وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف کی جانب سے رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے نام اہم پیغام ڈاکٹر علی‌اکبر ولایتی کو پیش کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر علی‌اکبر ولایتی نے پاکستانی وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایران اور پاکستان کے تعلقات کو گہرے، تاریخی اور برادرانہ قرار دیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔

ڈاکٹر ولایتی نے پاکستانی زائرین کی بڑی تعداد میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ہر سال ایران کے راستے عراق پہنچ کر اس عظیم مذہبی اجتماع کا حصہ بنتے ہیں، جو تینوں ممالک کے درمیان عملی تعاون اور گہرے روابط کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ اس عمل کو باضابطہ شکل دے کر ہم مستقبل میں وسیع تر علاقائی تعاون کی راہ ہموار کرسکتے ہیں۔

ڈاکٹر ولایتی نے خطے کی موجودہ صورت حال اور خاص طور پر امریکہ کی حمایت سے جاری صہیونی مظالم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، ایران پر اسرائیلی حملوں اور غزہ میں فلسطینیوں پر ہونے والے جرائم کو عالمی سطح پر غیرقانونی اور ناقابل قبول قرار دیا۔

پاکستانی وزیر داخلہ نے اسرائیل اور امریکہ کے ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے مؤقف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اسلامی ممالک کے درمیان ہمفکری اور اتحاد کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button