پاکستان میں دہشتگردی اور امریکی اسلحہ کا کیا تعلق ہے، حیرت انگیز انکشاف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امریکہ سے انتہائی خطرناک اسلحہ پاکستان بھجوائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایسی گولیاں پاکستان لائی گئیں جو بکتر بند گاڑی کے بھی اندر داخل ہونے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چند ماہ قبل لاہور ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے برطانیہ سے آئے سامان میں نہایت جدید اور مہنگی رائفلز اور شارٹ گنز برآمد کی تھیں جنہیں بوگس امپورٹ لائسنس پر پاکستان لایا گیا تھا۔ حکام نے جب امپورٹ لائسنس کی محکمہ داخلہ سے تصدیق کی تو وہ جعلی ثابت ہوا تھا۔ اس گروہ کے افراد کا تعلق فیصل آباد سے تھا اور یہ ملزمان سندھ اور پنجاب میں یہ اسلحہ فروخت کرتے تھے۔ گزشتہ روز کسٹمز حکام کی جانب سے امریکہ سے آنیوالے مسافر سے لاہور ایئرپورٹ پر جدید اسنائپر گولیاں پکڑی تھیں جنہیں لانے والے ملزم محسن نواز کا تعلق بھی فیصل آباد سے ہے، جسے ایئرپورٹ پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ عرصہ دراز سے جدید ایمونیشن پاکستان اسمگل کرنے کا دھندہ کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم محسن نواز زیادہ تر 308 بور یعنی لانگ رینج رائفل کی گولیاں اور ان کی ٹپ یعنی گولی کے خول کی نوک میں لگنے والا سکہ لاتا تھا اور یہ خطرناک ٹپ ملزم ایک ہزار سے 2 ہزار روپے میں فروخت کرتا تھا جبکہ ایسی ٹپ بھی مبینہ طور پر لائی گئیں جو بکتر بند گاڑی میں سوراخ کرکے داخل ہونے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جبکہ ملزم مکمل گولی کو 5 ہزار روپے فی گولی فروخت کرتا تھا۔ خفیہ ادارے اور کسٹمز حکام اس بات کی بھی تفتیش کر رہے ہیں کہ انتہائی ترقی یافتہ ممالک کے ایئرپورٹس پر جدید ترین سکینگ مشینوں کے ہوتے ہوئے اور ایئر لائنز کے سامان بکنگ کاؤنٹرز پر بھی سکینگ کے باوجود اسلحہ اور ایمونیشن کیسے پاکستان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے وفاقی وزارت خارجہ اور داخلہ کے ذریعے امریکی حکام سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اسلحہ کے پی کے اور بلوچستان میں پاک فوج کیخلاف استعمال ہو رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہو سکتا ہے کہ اس سمگلنگ میں امریکہ کے ادارے خود ملوث ہوں جو وہاں سے اسلحہ کلیئر کروا دیتے ہوں تاہم اس پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔