
پاکستان کو بھارت کیخلاف امام خمینیؒ کی پالیسی اپنانی چاہیے، علامہ جواد نقوی
شیعہ نیوز:تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے جامعۃ العروۃ الوثقیٰ لاہور میں یومِ تشکر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن محض حکومتی اعلان کی بنیاد پر نہیں، بلکہ اس لیے بھی یومِ تشکر ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے ایک کمزور، سیاسی انتشار، معاشی دباؤ اور اخلاقی زوال کا شکار پاکستان کو ایک خونخوار دشمن کے حملے سے بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے نہایت بہادری، حکمت اور بروقت اقدام کے ذریعے اس جنگی یلغار کو پسپا کیا۔ دشمن کے عزائم خاک میں ملے اور پاکستان کی عزت و سالمیت کو اللہ نے سر بلند رکھا۔ علامہ نقوی نے اس موقع پر مزاحمت کی حکمتِ عملی کو کامیابی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ظلم کے مقابلے کی سب سے مؤثر اور کامیاب حکمتِ عملی، مزاحمت ہے اور یہی راستہ پاکستان نے اختیار کیا۔ یہ محض ایک جنگی ردعمل نہیں، بلکہ ایک نظریاتی و عملی موقف ہے جو قوموں کی عزت، بقا اور آزادی کی ضمانت بنتا ہے۔
انہوں نے نہایت اہم اور فکری نکتہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان، بھارت کیخلاف وہی پالیسی اپنائے جو امام راحل، امام خمینیؒ نے اسرائیل کے بارے میں اپنائی تھی یعنی مکمل نابودی کی پالیسی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کا کردار اب محض ایک دشمن ملک کا نہیں رہا، بلکہ وہ ایک صہیونی طرز کا سامراجی پروجیکٹ بن چکا ہے۔ جس کے مقاصد پاکستان کو ختم کرنا، تقسیم کرنا یا کمزور کرنا ہیں۔ علامہ نقوی نے خبردار کیا کہ بھارت کی یہ یلغار محض ایک قومی مسئلہ نہیں، بلکہ ایک عالمی شیطانی اتحاد کا مظہر ہے، بھارت کی جنگی تیاری اسرائیل کی مشاورت سے ہو رہی ہے،عرب حکمران خاموش تائید میں شریک ہیں، مغربی دنیا سفارتی اور میڈیا محاذ پر بھارت کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد دراصل اُس نئے عالمی نقشے کا مقدمہ ہے جس کے تحت پاکستان جیسے ممالک کو ری سیٹ کیا جانا ہے۔ یہ خطہ دوبارہ تقسیم اور کمزور کیا جا رہا ہے، تاکہ سامراجی تسلط کو دوام حاصل ہو۔