پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

کراچی، آئی ایس او کے زیر اہتمام وفاقی جامعہ اردو میں عظیم الشان یومِ حسینؑ کا انعقاد

شیعہ نیوز: وفاقی جامعہ اردو میں ہر سال کی طرح اس سال بھی دفتر مشیر امور طلبہ اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ریجن جامعہ وفاقی اردو یونٹ کے اشتراک سے عظیم الشان یومِ حسینؑ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور شہداء کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ گلشن کیمپس کراچی میں منعقدہ سالانہ یوم حسینؑ کی پُروقار تقریب کی صدارت مشیر امور طلبہ نے کی، جبکہ مقررین میں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، ہئیت ائمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید صادق رضا تقوی اور جامعہ کے اساتذہ شامل تھے۔ سالانہ یوم حسینؑ میں جامعہ کے اساتذہ، نان ٹیچنگ اسٹاف، طلباء تنظیموں کے وفود، طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سالانہ یوم حسینؑ میں خطاب کرتے ہوئے علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ آج ساری دنیا امام حسینؑ کی طرف متوجہ ہے، کیونکہ ان کی جدوجہد نے انسانیت کی سوچ کو بدل دیا، دنیا کی تمام یزیدی قوتیں اس وقت حسینت کے آگے شکست کھا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا جو خود کو سپر پاور سمجھتا ہے، اس کو رہبر معظم سید علی خامنہ ای نے ایسی شکست فاش دی کہ دشمن انکے نام سے خوفزدہ ہے، رہبر معظم سید علی خامنہ ای دختر رسولؐ حضرت فاطمۃ الزہرا (س) کے وہ بہادر بیٹے ہیں، جنہوں نے آج کے زمانے میں دشمن پر خوف طاری کیا ہوا ہے اور ہر مظلوم کی آواز بنے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ کربلا صرف ماضی کا واقعہ نہیں، بلکہ آج بھی زندہ ہے، آج بھی یزیدی نظام دنیا کے مختلف خطوں میں مظلوموں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، چاہے وہ امریکا ہو، اسرائیل ہو یا آل سعود۔ علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی نے کہا کہ اگر امام حسینؑ یزید کے خلاف قیام نہ کرتے تو آج یزید کو ایک باوقار حکمران سمجھا جاتا، امام عالی مقام نے آمریت اور ملوکیت کے خلاف علمِ حق بلند کیا اور دینِ محمدیﷺ کو تحفظ فراہم کیا۔

علامہ صادق تقوی و دیگر مقررین نے کہا کہ امام حسینؑ نے میدان کربلا میں حق اور باطل کے درمیان ایسی سرحد قائم کی جو قیامت تک باقی رہے گی، کربلا کوئی حادثہ نہیں، بلکہ زندگی کا منشور ہے، امام حسینؑ کی قربانی کا مقصد دینِ اسلام کی بقاء اور ظلم کے خلاف جدوجہد تھا۔ مقررین نے کہا کہ آج یزیدیت مختلف شکلوں میں دوبارہ سر اٹھا رہی ہے، داعش جیسی تنظیمیں اسی یزیدی فکر کی نمائندہ ہیں، عراق اور شام میں آج بھی معصوم مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے اور مسلم دنیا کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے، امریکا اور اس کے اتحادیوں کی نام نہاد داعش مخالف کارروائیاں محض ایک دکھاوا ہیں، جبکہ درحقیقت امریکہ اور اسرائیل ہی اس فتنے کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ سالانہ یوم حسینؑ میں معروف منقبت و نوحہ خواں احمد رضا ناصری و دیگر نے نواسہ رسولؐ سید الشہداء حضرت امام حسینؑ کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت بھی پیش کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button