یمنی فوج نے الحدیدہ میں سعودی عرب کا ڈرون طیارہ تباہ کر دیا
شیعہ نیوز : یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جمعرات کی شام مغربی یمن کے صوبے الحدیدہ میں سعودی عرب کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔
رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد کا یہ ڈرون طیارہ صوبے الحدیدہ کے جنوب میں واقع الدُریہمی کے شمالی علاقے میں سوئیڈن امن سمجھوتے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پرواز کر رہا تھا جسے یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے مار گرایا۔
یمنی عوام پر سعودی اتحاد کی جارحیت کے آغاز سے اب تک یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے سعودی عرب اور اس کےاتحادی ملکوں کے دسیوں ڈرون طیارے مار گرائے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سوئیڈن سمجھوتے کے تحت اٹھارہ دسمبر دو ہزار اٹھارہ کو مغربی یمن کے صوبے الحدیدہ میں فائربندی کا نفاذ عمل میں آیا ہے جبکہ سعودی اتحاد کی جانب سے اس سمجھوتے کی مسلسل خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ الحدیدہ کی بندرگاہ ہی واحد ایسا راستہ ہے کہ جہاں سے یمن کی انسان دوستانہ امداد کی جاتی ہے۔
یمن میں جنگ بندی کے لئے اب تک بارہا کوششیں کی جا چکی ہیں اور ہر بار سعودی عرب اور اس کے اتحادی ملکوں کی جانب سے خلاف ورزی کے سبب کوئی کوشش کامیاب ثابت نہیں ہو سکی ہے۔