یمنی فوج کا سعودی ائیرپورٹ پہ ایک اور کامیاب حملہ، امریکی دفاعی نظام ناکارہ نکلا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یمنی فوج نے سعودی عرب کے ابھاائیرپورٹ پہ ایک اور کامیاب حملہ کیا ہے۔ ابھا ایئرپورٹ پر یمنی فعج کی جانب سے کیا جانے والا یہ مسلسل پانچواں میزائل حملہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی فوجی اتحاد کی یمن پہ یلغار جاری ہے مگر یمنی افواج اور عوامی رضاکار فورس کی ثابت قدمی اور جنگی مہارت کے سامنے حملہ آور افواج بے بس ہیں۔ سعودی عرب جو کہ مہنگے امریکی اسلحہ کا بڑا خریدار ہے، مکمل طور پر امریکی دفاعی نظام پہ انحصار کر رہا ہے۔ سعودی عرب میں نصب کردہ امریکی دفاعی نظام کے متعلق پینٹا گان کا ملٹری انڈسٹریل کمپلیکس یہ دعویٰ کرتا ہے کہ یہ ناقابل تسخیر دفاعی نظام ہے کہ جسے کسی بھی میزائل یا راکٹ حملے سے زیر نہیں کیا جا سکتا تاہم یہ امر باعث حیرت ہے کہ امریکہ کا یہ دفاعی نظام پسماندہ ملک یمن کی فوج کے جوابی حملے بھی نہیں روک پا رہا ہے۔ جس سے اس تاثر کو تقویت مل رہی ہے کہ سعودی عرب کثیر سرمایہ خرچ کرنے کے باوجود بھی امریکہ سے کارآمد دفاعی آلات نہیں خرید سکا۔ جس کا ایک ناقابل تردید ثبوت یمنی ملیشیا کا سعودی ائیرپورٹ پہ حالیہ حملہ ہے۔
سعودی ٹی وی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس حملے کے بعد کچھ گھنٹوں کے لیے مقامی اور بین الاقوامی پروازیں روک دی گئی تھیں تاہم اب یہاں پر جہازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور تمام فلائٹس شیڈول کے مطابق روانہ ہو رہی ہیں۔ اس سے قبل 12 جُون کو بھی یمنی فوج کی جانب سے ایک میزائل ابہا ایئرپورٹ پر فائر کیا گیا تھا۔ 12 جُون کے اس حملے کے بعد یمنیوں نے پانچ ڈرونز سے دوبارہ ایئر پورٹ کو نشانہ بنایا تھا۔
واضح رہے کہ یمنی فوج کے ترجمان نے سعودی فوجی اتحاد کو خبردار کیا تھا کہ اگر انہوں نے یمن پر اپنے حملے بند نہ کیے تو انہیں بھرپور جوابی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔